نیویارک شہر کے اسکولوں میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوتے ہی میئرز آفس آف امیگرنٹ افیئرز (MOIA) کی کمشنر فائضہ این علی (Faiza N. Ali) نے ایجوکیشن چانسلر، نیویارک امیگریشن کوئلیشن (NYIC)، ‘ہینڈز آف این وائی سی فیملیز’ اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ رہنماؤں کے ساتھ مل کر تارکینِ وطن خاندانوں کے لیے ایک اہم اور یکجہتی پر مبنی پیغام جاری کیا ہے۔
کمشنر فائضہ این علی نے نیویارک کے اسکولوں میں داخل ہونے والے تمام غیر ملکی اور تارکینِ وطن طلباء و والدین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ “آپ کا تعلق اس شہر سے ہے، آپ کو یہاں دل سے خوش آمدید کہا جاتا ہے اور نیویارک شہر آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔”
‘ایم او آئی اے’ (MOIA) کی ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ شہر بھر میں متعدد زبانوں میں “اپنے حقوق جانئے” (Know Your Rights) مہم کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ تارکینِ وطن خاندانوں کو یہ معلوم ہو سکے کہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے اہلکاروں سے سامنا ہونے کی صورت میں انہیں کیا اقدامات کرنے چاہئیں۔
حکام نے بتایا کہ قابلِ اعتماد امیگریشن قانونی مدد کے لیے شہری ان کی ایمرجنسی ہاٹ لائن 0365-354-800 پر رابطہ کر کے بالکل مفت، محفوظ اور رازدارانہ قانونی مشاورت حاصل کر سکتے ہیں۔
محکمہ امیگرنٹ افیئرز نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر درج ذیل دو بنیادی اقدامات کریں.
اپنے بچے کے اسکول کے ریکارڈ میں ایمرجنسی کانٹیکٹ (Emergency Contact) کی تفصیلات کو فوراً اپ ڈیٹ کریں۔اسکول انتظامیہ کو باقاعدہ آگاہ کریں کہ آپ کی عدم موجودگی یا ہنگامی صورتحال میں بچے کو اسکول سے پک کرنے کا اختیار کس قابلِ اعتماد شخص کے پاس ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ یہ بظاہر چھوٹے اقدامات کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتحال میں خاندانوں کو بڑی پریشانی سے بچا سکتے ہیں۔




