اسلام آباد: پمز (PIMS) اسپتال میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کو 48 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی ماحول غمگین ہے۔ وزیراعظم کی ہدایات پر قائم کی گئی اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی اپنی عبوری رپورٹ آج وزیراعظم کو پیش کرنے جا رہی ہے۔
کمیٹی کی جانب سے حادثے کی وجوہات، ریسکیو آپریشن کی ٹائم لائن اور انتظامی امور کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی نے پمز کے متعلقہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور میڈیکل افسران کے تفصیلی بیانات قلمبند کر لیے ہیں۔
آگ لگنے کی بنیادی وجوہات اور عملے کے فوری ردِعمل (رسپانس) کو سمجھنے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے معائنہ کیا گیا ہے۔
کمیٹی اراکین نے فائر بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے افسران و آپریشن میں شامل عملے سے معلومات حاصل کیں۔
آگ لگنے سے لے کر ریسکیو ٹیموں کی آمد تک کی ٹائم لائن کو چیک کیا گیا، جبکہ آپریشن کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ اس کمیٹی کے چیئرمین ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری شاہد خان ہیں، جبکہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر خورشید اُترا، ڈاکٹر بیرسٹر نبیل احمد اعوان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اس کے دیگر اراکین ہیں۔
کمیٹی 48 گھنٹے میں اپنی عبوری رپورٹ جمع کروائے گی، جبکہ 5 روز کے اندر مکمل تحقیقاتی اور سفارشی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔




