فلاڈلفیا (ویب ڈیسک):روس سے تعلق رکھنے والے نامور مکسڈ مارشل آرٹسٹ (MMA) اسلام ماخاشیف (Islam Makhachev) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرش فائٹر این مچاڈو گیری (Ian Machado Garry) کو شکست دے کر اپنا یو ایف سی ویلٹر ویٹ ٹائٹل (UFC Welterweight Title) کامیابی سے برقرار رکھا ہے۔
امریکہ کے شہر فلاڈلفیا میں منعقدہ اس ہائی وولٹیج مقابلے میں دونوں فائٹرز کے درمیان 5 راؤنڈز کا سنسنی خیز معرکہ ہوا، جس کے اختتام پر ججز نے متفقہ فیصلے (Unanimous Decision) کے تحت اسلام ماخاشیف کو فاتح قرار دیا۔
اس یادگار فتح کے ساتھ ہی اسلام ماخاشیف نے یو ایف سی کی تاریخ میں مسلسل 17 فتوحات (17 Consecutive Wins) کا نیا تاریخی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ برازیل کے لیجنڈ فائٹر enderson Silva (اینڈرسن سلوا) کے پاس تھا، جنہوں نے مسلسل 16 فتوحات حاصل کی تھیں اور ماخاشیف نے پچھلی فائٹ میں چیک میڈالینا کو ہرا کر یہ ریکارڈ برابر کیا تھا۔
قد اور ریچ میں کم ہونے کے باوجود ماخاشیف نے پہلے ہی راؤنڈ میں سنگل لیگ ٹیک ڈاؤن سے گیری کو زمین پر گرایا، جبکہ دوسرے راؤنڈ میں ان کی زوردار ہائی کک سے آئرش فائٹر لڑکھڑا گئے۔
تیسرے راؤنڈ میں گیری نے فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ماخاشیف کو ٹیک ڈاؤن سے روکا، لیکن چوتھے راؤنڈ میں ماخاشیف نے دوبارہ اپنی گرَیپلنگ (Grappling) اور ریسلنگ پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
آخری راؤنڈ میں ناک آؤٹ کی تمام آئرش کوششوں کو دفاعی چیمپئن نے ناکام بناتے ہوئے ججز کے اسکور کارڈز پر برتری قائم رکھی۔
فتح کے بعد اسلام ماخاشیف نے حریف فائٹر کو سراہتے ہوئے کہا کہ: “این مچاڈو گیری ایک بہترین فائٹر اور شاندار انسان ہے، اس نے مقابلہ مشکل بنایا لیکن میں ہر فائٹ میں خود کو بہترین ثابت کرتا ہوں، تمام شائقین کا شکریہ۔”




