ڈبلن (ویب ڈیسک): عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی ’فیفا‘ (FIFA) کے صدر جانی انفانٹینو (Gianni Infantino) کی صدارت کے گرد گھیرا مزید تنگ ہو گیا ہے۔ فٹبال ایسوسی ایشن آف آئرلینڈ (FAI) نے ان کی صدارتی حمایت واپس لیتے ہوئے فیفا کی گورننس اور شفافیت پر شدید خدشات کا اظہار کیا ہے۔
آئرش فٹبال ایسوسی ایشن نے جمعرات کی صبح ایک باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بورڈ اجلاس کے بعد جانی انفانٹینو کی دوبارہ صدارت کے لیے فراہم کردہ حمایتی خط کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلے کی وجوہات سے فیفا کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
جانی انفانٹینو پر یورپ اور دنیا بھر کے فٹبال بورڈز کا دباؤ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب انہوں نے فیفا ورلڈ کپ اور دیگر اہم کمرشل آپریشنز کے حصص نجی سرمایہ کاروں (Private Investors) کو فروخت کرنے کی خفیہ تجویز پیش کی۔
آئرلینڈ سے قبل ویلز (Welsh FA) اور انگلینڈ (English FA) کی فٹبال ایسوسی ایشنز بھی جانی انفانٹینو سے اپنی حمایت واپس لے چکی ہیں۔
یورپی فٹبال باڈی یوئیفا، ایشین فٹبال کنفیڈریشن (AFC) اور کونکاکاف (CONCACAF) نے ایک مشترکہ خط میں فیفا صدر پر دھوکے دہی اور اعتماد کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔
“ہم آئرش فٹبال کے لیے فیفا کی مدد کے مشکور ہیں، لیکن حالیہ واقعات نے گورننس، شفافیت اور اہم ترین امور پر مشاورت کے فقدان سے متعلق شدید خدشات پیدا کر دیے ہیں۔ ہم پر بہترین طرزِ حکمرانی کی پاسداری لازمی ہے۔”
دوسری جانب ناردرن آئرلینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن (IFA) نے یوئیفا کے موقف کی حمایت تو کی ہے لیکن فی الحال انفانٹینو سے باضابطہ حمایت واپس نہیں لی ہے۔




