استنبول / طرابزون (ویب ڈیسک): مصری فٹ بال اسٹار محمد صلاح (Mohamed Salah) نے لیورپول کے ساتھ اپنے نو سالہ شاندار سفر کا اختتام کرتے ہوئے ترکی کے سپر لیگ کلب طرابزون اسپور (Trabzonspor) کے ساتھ دو سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
34 سالہ فارورڈ استنبول کے اتاترک ایئرپورٹ پہنچے تو سیکڑوں پرجوش مداحوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ کلب انتظامیہ نے باضابطہ تصدیق کی کہ محمد صلاح اپنے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے استنبول کے راستے طرابزون پہنچے ہیں۔
لیورپول کے سابق سپر اسٹار اور پریمیئر لیگ کے گولڈن بوٹ ونر اس سمر میں فری ایجنٹ بن گئے تھے۔ لیورپول کے ساتھ اپنے 9 سالہ کیریئر میں انہوں نے 442 میچز میں 257 گولز اسکور کیے۔دو پریمیئر لیگ ٹائٹلز اور چیمپئنز لیگ کی ٹرافی اپنے نام کی۔
محمد صلاح کا نام رواں سمر میں کئی عالمی کلبوں کے ساتھ جوڑا جا رہا تھا، جبکہ ترکی کے ایک اور معتبر کلب بشکتاس (Besiktas) کی جانب سے بھی انہیں پیشکش موصول ہوئی تھی، تاہم طرابزون اسپور نے میدان مار لیا۔
پریمیئر لیگ کے سابق بہترین پلیئر کو اپنے ساتھ ملانا طرابزون اسپور کے لیے ایک تاریخی پیش رفت مانی جا رہی ہے۔ طرابزون اسپور نے 2022ء میں اپنا ساتواں ترکش لیگ ٹائٹل جیتا تھا، جبکہ اس کے باقی چھ ٹائٹلز 1976ء سے 1984ء کے سنہری دور میں آئے تھے۔
کلب نے گزشتہ سیزن کا اختتام تیسری پوزیشن پر کیا تھا اور اب وہ یوروپا لیگ (Europa League) کے لیگ فیز کے لیے کوالیفائی کرنے کی جدوجہد کر رہا ہے۔ اگر ٹیم اس میں ناکام رہی تو وہ کونفرس لیگ (Conference League) میں ایکشن میں نظر آئے گی۔





