لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

سری لنکاپریمیئرلیگ: خواجہ نافع اورافتخاراحمد کےمعاہدےطے،شاہین آفریدی اینٹی کرپشن شکایت کےبعدلیگ سےدستبردار

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

لاہور (ویب ڈیسک): سری لنکا پریمیئر لیگ (LPL) میں پاکستان کے دو مزید کرکٹرز کی شمولیت طے پا گئی ہے، جبکہ قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے تنازع کے بعد ذاتی وجوہات کا عذر پیش کرتے ہوئے لیگ سے معذرت کر لی ہے۔

لیگ انتظامیہ کے مطابق پاکستان کے نوجوان اور جارح مزاج بلے باز خواجہ نافع کو جافنا کنگز (Jaffna Kings) نے افغانستان کے ابراہیم زدران کے متبادل کے طور پر اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ دوسری جانب تجربہ کار آل راؤنڈر افتخار احمد کو دمبولا سکسرز (Dambulla Sixers) نے افغان فاسٹ باؤلر فضل حق فاروقی کے متبادل کے طور پر سائن کر لیا ہے۔

دوسری جانب فرنچائز کینڈی رائلز (Kandy Royals) اور ایل پی ایل انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی لیگ سے الگ ہو گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق شاہین نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دستبرداری کا تعلق گزشتہ دنوں پیش آنے والے ایک سنگین واقعے سے ہے، جہاں کولمبو کیپس کے خلاف میچ کے دوران ڈراپ کیے جانے پر شاہین آفریدی نے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ (ACU) سے باضابطہ شکایت درج کرائی تھی۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ کینڈی رائلز کی ٹیم مینجمنٹ نے ٹاس سے قبل شاہین آفریدی سے کہا تھا کہ وہ میچ میں بطور ”امپیکٹ پلیئر“ (Impact Player) حصہ لیں گے۔ لیکن کینڈی کی بیٹنگ اننگز کے درمیان کوچ نے شاہین سے یہ کہہ کر معذرت کی کہ ”ڈیٹا اینالسٹ کی غلطی کے باعث ان کا نام امپیکٹ پلیئر کی فہرست میں شامل نہیں ہو سکا“۔

اس عجیب و غریب معاملے پر شاہین آفریدی سخت حیران اور بدظن ہوئے اور انہوں نے اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیشل کو فوری طور پر تمام صورت حال سے آگاہ کر کے تحفظات کا اظہار کیا۔

اطلاعات کے مطابق شاہین نے شدید برہمی کے عالم میں فوری پاکستان واپسی کا سامان بھی پیک کر لیا تھا اور معاملہ میچ ریفری تک پہنچ گیا تھا۔ بعد ازاں لیگ آرگنائزرز اور کینڈی رائلز مینجمنٹ نے ان سے باقاعدہ معذرت کر کے انہیں فوری روانگی سے روکا، تاہم شاہین نے بعد میں لیگ سے الگ ہونے کا ہی فیصلہ مناسب سمجھا۔