لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

امریکہ میں بینکنگ سروس’ایکس منی‘کا باضابطہ آغاز،6فیصد منافع کی پیشکش

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

واشنگٹن (ویب ڈیسک): معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے امریکہ بھر میں اپنی نئی انقلابی مالیاتی سروس ’ایکس منی‘ (X Money) متعارف کرا دی ہے۔

اس سروس کے بعد ایکس کے پریمیم صارفین اب سوشل میڈیا ایپ چھوڑے بغیر بینکنگ، ادائیگیوں اور رقم کی منتقلی سمیت تمام مالیاتی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، 28 جولائی 2026 سے یہ سروس امریکہ میں تمام پریمیم اور پریمیم پلس سبسکرائبرز کے لیے مکمل طور پر دستیاب کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کو ایلون مسک کے ایکس کو ایک مکمل ’ایوری تھنگ ایپ‘ (Everything App) میں تبدیل کرنے کے خواب کی جانب ایک بڑا اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ابتدائی طور پر محدود آزمائش کے بعد اب یہ سہولت لاکھوں امریکی صارفین تک پہنچ چکی ہے۔ ایکس منی کے ذریعے صارفین کوسہولیات حاصل ہوں گی:

صارفین بغیر کسی ٹرانسفر فیس کے ایک دوسرے کو فوری رقم بھیج سکیں گے۔

بلوں کی ادائیگی، وائر ٹرانسفر اور فزیکل چیک بھیجنے جیسی سہولیات خود ایپ کے اندر دستیاب ہوں گی۔

کمپنی نے صارفین کے لیے ایک خاص ویزا ڈیبٹ کارڈ بھی متعارف کرایا ہے جسے عام بینک کارڈ کی طرح آن لائن اور دکانوں پر خریداڑی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

ایکس کے مطابق صارفین کی تمام جمع شدہ رقوم کراس ریور بینک (Cross River Bank) میں محفوظ رکھی جائیں گی، جو امریکی FDIC کا رکن ہے۔ اس کے تحت ہر صارف کے ڈپازٹس کو معمول کے مطابق 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک کا وفاقی انشورنس تحفظ حاصل ہوگا۔

علاوہ ازیں، کمپنی نے ایک ’کیش سوئپ پروگرام‘ بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت مخصوص شرائط پر صارفین کی رقم مختلف شراکت دار بینکوں میں تقسیم کی جائے گی، جس سے مجموعی طور پر ایک کروڑ (10 ملین) ڈالر تک کا ریکارڈ ایف ڈی آئی سی تحفظ ممکن ہو سکے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ پریمیم پلس صارفین اپنے اہل ڈپازٹس پر فوری طور پر 6 فیصد سالانہ منافع (APY) حاصل کر سکیں گے، جبکہ پریمیم صارفین مقررہ ڈائریکٹ ڈپازٹ کی شرائط پوری کر کے یہی شرحِ منافع حاصل کر سکتے ہیں۔

مالیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق 6 فیصد سالانہ منافع کی یہ شرح روایتی امریکی بینکوں اور بیشتر ہائی ییلڈ سیونگ اکاؤنٹس سے کہیں زیادہ ہے۔ اس پرکشش آفر کے ذریعے ایلون مسک کا مقصد وینمو (Venmo)، کیش ایپ (Cash App) اور صوفی (SoFi) جیسی بڑی مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو براہِ راست بڑا چیلنج دینا ہے۔