گلاسگو: اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز 2026 میں پاکستان کی ہونہار خاتون باکسر فاطمہ زہرا نے نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں میڈل حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر بن گئی ہیں۔
سرگودھا سے تعلق رکھنے والی اور پاکستان آرمی کی نمائندگی کرنے والی باکسر فاطمہ زہرا نے 60 کلوگرام کیٹیگری کے اہم کوارٹر فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کی باکسر چارڈن ولسن کا مقابلہ کیا۔ فاطمہ نے بہترین فٹ ورک، زبردست ڈسیپلین اور تیز رفتار پنچز کے امتزاج سے اپنے حریف کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-5 کے متفقہ فیصلے سے کامیابی حاصل کی اور سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی
کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ قوانین کے مطابق سیمی فائنل میں پہنچنے والے تمام کھلاڑیوں کے لیے کم از کم کانسی کا تمغہ (Bronze Medal) یقینی ہو جاتا ہے۔
فاطمہ زہرا کی اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان کے لیے کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ ایونٹ میں 12 سالہ تمغوں کا قحط بھی ختم ہو گیا ہے۔ اس سے قبل آخری بار 2014 کے گلاسگو گیمز ہی میں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فلائی ویٹ کیٹیگری میں سلور میڈل حاصل کیا تھا۔
فاطمہ زہرا کی اس یادگار اور تاریخی کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں اور ملک بھر کے شائقین کی جانب سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ سیمی فائنل جیت کر گولڈ میڈل کی دوڑ میں بھی تاریخ رقم کریں گی۔





