نیویارک (ویب ڈیسک): بروکلین کے سب سے مصروف ‘براڈوے جنکشن’ سب وے اسٹیشن کو جدید بنانے اور اپاہج و معذور افراد کی سہولت کے لیے 400 ملین ڈالر کے میگا پروجیکٹ پر کام جاری ہے، تاہم مقامی رہنماؤں اور رہائشیوں نے ایم ٹی اے (MTA) سے پروجیکٹ میں مقامی افراد کو روزگار اور مقامی ٹھیکیداروں کو حصے داری دینے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
2027 کے آخر تک مکمل ہونے والے اس منصوبے میں 7 نئی لفٹس، نئے راستے، اور 3 اسکیلیٹرز (متحرک زینے) کی تبدیلی شامل ہے۔
جمعرات کو ایک احتجاجی مظاہرے (Rally) کے دوران مقامی رہنماؤں اور کمیونٹی ممبران نے انکشاف کیا کہ پروجیکٹ پر کام کرنے والے تقریباً 170 مزدوروں میں سے صرف 13 افرار (تقریباً 8 فیصد) مقامی علاقوں جیسے کہ براؤنز ول (Brownsville)، بوش وک (Bushwick)، ایسٹ نیویارک، اور اوشن ہل سے تعلق رکھتے ہیں۔
سٹی کونسل ممبر سینڈی نرس (Sandy Nurse) اور دیگر نمائندوں کا کہنا تھا کہ نصف ارب ڈالر کے قریب اس منصوبے کا براہِ راست معاشی فائدہ مقامی لوگوں کو نہیں پہنچ رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں بے روزگاری اور غربت کی شرح زیادہ ہے، لہٰذا ریاستی اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مقامی افراد کو ترجیح دیں۔
ایم ٹی اے کی ترجمان جوانا فلورس (Joana Flores) نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ٹھیکے ریاست اور وفاقی قوانین کے عین مطابق دیے گئے ہیں۔ یہ 400 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری براڈوے جنکشن کو جدید بنانے کے ساتھ ساتھ علاقے کی معاشی بحالی اور ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ٹی اے کا ایک پائلٹ پروگرام موجود ہے جس کا مقصد اہل منصوبوں میں 20 فیصد مقامی نفری کو شامل کرنا ہے۔
کمیونٹی رہنماؤں نے ایم ٹی اے کو اگلے ہفتے جاب فیئر میں شرکت کی دعوت دی ہے اور مطالبات پیش کیے ہیں کہ تعمیراتی کام کے دوران ماہانہ ہائرنگ رپورٹس جاری کی جائیں اور مقامی کاروباروں کو موقع دیا جائے۔





