لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

آئی سی این اےریلیف کاسالانہ’بیک ٹواسکول’ پروگرام 2026 کااعلان،50 ہزارطلباءکواسکول بیگز دیےجائیں گے

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک): مشہور فلاحی تنظیم ‘آئی سی این اے ریلیف USA’ (ICNA Relief) نے موجودہ تعلیمی سال کے لیے امریکہ بھر میں اپنے سالانہ ‘بیک ٹو اسکول’ پروگرام 2026 کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 50,000 سے زائد مستحق طلباء و طالبات میں مفت اسکول بیگز اور تعلیمی سامان تقسیم کیا جائے گا۔

نیویارک میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی این اے ریلیف کے نارتھ ایسٹ ریجنل ڈائریکٹر ارشد جمال نے بتایا کہ اس پروگرام کا آغاز نیویارک سے ہوا تھا جو وقت کے ساتھ امریکہ کی مختلف ریاستوں اور 100 سے زائد شہروں تک پھیل چکا ہے۔ گزشتہ 15 سالوں کے دوران اس پروجیکٹ کے تحت 10 لاکھ سے زائد (1 Million) اسکول بیگز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

پریس کانفرنس میں نیویارک کی بیک ٹو اسکول لیڈر اقصیٰ خٹک، میڈیا کوآرڈینیٹر معوذ صدیقی اور چیف رضاکار فرہاد بھی موجود تھے۔

ارشد جمال نے مہنگائی کے دور میں اس پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا”موجودہ دور میں بچوں کے لیے اسکول کا سامان خریدنا کئی خاندانوں کے لیے ایک بڑا مالی بوجھ بن چکا ہے۔ ہمارے اس پروگرام کا مقصد صرف بیگز تقسیم کرنا نہیں بلکہ تعلیمی سال کے آغاز پر بچوں کو خود اعتمادی اور حوصلہ افزائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ برابری کے احساس سے اپنی تعلیم کا آغاز کر سکیں۔”

نیویارک کی پروگرام لیڈر اقصیٰ خٹک نے بتایا کہ صرف ریاست نیویارک میں 40 مختلف پراگرامز کے ذریعے 6,500 سے زائد بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 1 اگست 2026 کو نیویارک سمیت امریکہ بھر میں بڑے میگا ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، جہاں بچوں میں بیگز کی تقسیم کے ساتھ مختلف تفریحی و تعلیمی سرگرمیاں بھی ترتیب دی جائیں گی۔

تقریب کے دوران رضاکاروں کے اہم کردار کو سراہا گیا اور متعدد رضاکاروں کو بطور ‘ایمبیسیڈر’ خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئیں جو مقامی سطح پر پروگرام کی منصوبہ بندی اور تنظیم کاری میں اپنا کردار ادا کریں گے۔