نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں نوجوانوں کی سیاسی جماعت ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ (CJP) کے کارکنوں نے تعلیمی نظام میں اصلاحات اور وزیر تعلیم کے استعفے کے مطالبے پر پارلیمنٹ کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کی، جسے روکنے کے لیے دہلی پولیس نے مظاہرین پر شدید لاٹھی چارج کیا۔
تفصیلات کے مطابق، کاکروچ جنتا پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں اور نوجوانوں نے ملک کے تعلیمی نظام میں بہتری لانے اور موجودہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے نئی دہلی کے مشہور احتجاجی مقام ‘جنتر منتر’ پر دھرنا دیا۔ دھرنے کے بعد جب مظاہرین نے پارلیمنٹ کی جانب مارچ شروع کیا تو پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا۔
دہلی پولیس کی جانب سے مارچ کے شرکاء پر لاٹھی چارج کیا گیا جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ دریں اثناء، اطلاعات ہیں کہ مظاہروں کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے شہر کے بعض حساس علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے وفد نے اپنے مطالبات منوانے کے لیے وفاقی وزیر صحت جے پی نڈا سے بھی ملاقات کی۔ سی جے پی کے ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) پر جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ وزیر صحت نے نوجوانوں کے مطالبات سنے ہیں اور انہیں اعلیٰ سطح تک پہنچانے اور حل کرنے کی باقاعدہ یقین دہانی کرائی ہے۔
اپوزیشن جماعت کانگریس اور دیگر اتحادی جماعتوں نے نوجوانوں پر ہونے والے پولیس تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور مظاہرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے صدر نے نوجوانوں پر لاٹھی چارج کو ‘جمہوریت پر حملہ’ قرار دیتے ہوئے تنقید کی اور کہا کہ موجودہ حکومت اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکی ہے اور یہ حکومت چلانے کے لائق نہیں ہے۔





