سان فرانسسکو: دنیا بھر میں مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کی سروسز اچانک شدید تکنیکی خرابی کے باعث معطل ہو گئیں، جس کی وجہ سے کروڑوں صارفین کو اپنے اکاؤنٹس تک رسائی اور دیگر فیچرز کے استعمال میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اتوار کے روز دنیا بھر سے صارفین نے فیس بک ایپ اور ویب سائٹ پر اچانک لاگ ان ہونے میں ناکامی کی شکایات درج کروائیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس اوپن کرنے سے قاصر ہیں، جبکہ جن صارفین کے اکاؤنٹس لاگ ان ہیں، ان کی نیوز فیڈ اپڈیٹ نہیں ہو رہی اور پلیٹ فارم کے بنیادی فیچرز نے کام کرنا بند کر دیا ہے۔
تکنیکی خرابی کے اثرات فیس بک کی ذیلی میسنجر سروس پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔ متعدد صارفین نے شکایت کی ہے کہ انہیں میسنجر کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے، یا پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے میں شدید دقت پیش آ رہی ہے۔
فیس بک کی بنیادی کمپنی میٹا کی جانب سے اس اچانک عالمی بندش کے حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان یا تکنیکی خرابی کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔ دوسری جانب، فیس بک اور میسنجر ڈاؤن ہونے کے بعد صارفین نے متبادل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا رخ کر لیا ہے۔ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس(سابقہ ٹویٹر) پر صارفین اس تعطل کی اطلاعات شیئر کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے ڈاؤن ٹائم سے متعلق ہیش ٹیگز تیزی سے ٹرینڈ کر رہے ہیں۔





