Mahira Khan Meets King Charles at British Asian Trust Event in London

اداکارہ نے اس موقع پر زور دیا کہ ذہنی امراض کو بھی دیگر جسمانی بیماریوں کی طرح سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے

Editor News

لندن(ویب ڈیسک): پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے لندن میں منعقدہ برٹش ایشین ٹرسٹ کی ایک تقریب کے دوران برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سے ملاقات کی۔

تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے اس ملاقات کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ شاہ چارلس کے ساتھ ان کی گفتگو نہایت خوشگوار اور بامعنی رہی۔ دونوں کے درمیان برٹش ایشین ٹرسٹ کے تحت جاری سماجی اور فلاحی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اداکارہ کے مطابق شاہ چارلس نے ان کے سماجی کاموں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ ماہرہ خان نے کہا کہ شاہ چارلس ایک خوش اخلاق اور متاثر کن شخصیت کے مالک ہیں جو فلاحی منصوبوں اور سماجی بہتری کے کاموں میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔

ماہرہ خان نے مزید بتایا کہ شاہ چارلس نے ان سے مختلف سماجی منصوبوں کی پیش رفت اور ان کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل سے سوالات کیے۔ یہ ملاقات ان کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوئی، جس میں ذہنی صحت اور سماجی بہبود جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اداکارہ نے اس موقع پر زور دیا کہ ذہنی امراض کو بھی دیگر جسمانی بیماریوں کی طرح سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں ہراسانی اور تشدد جیسے مسائل سنگین نوعیت اختیار کر چکے ہیں، جن کے خاتمے کے لیے اجتماعی سوچ میں تبدیلی ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قانون توڑنے والوں اور تشدد میں ملوث افراد کو مثال بنا کر سخت کارروائی ہونی چاہیے تاکہ معاشرے میں مثبت پیغام جائے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *