نیویارک : میئر نیویارک زہران کوامے ممدانی اور ‘نیویارک روڈ رنرز’ (NYRR) کے اشتراک سے فورٹ ٹرائین پارک (Fort Tryon Park) میں ایک خصوصی “2K for 2-K” واک اور رن ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد نیویارک کی تاریخ کے پہلے ‘2-K’ چائلڈ کیئر پروگرام کا جشن منانا اور ورکنگ فیملیز کو 26 جون کی ڈیڈ لائن سے پہلے درخواستیں جمع کرانے کی ترغیب دینا ہے۔
اس تاریخی پروگرام کے تحت رواں سال خزاں (Fall) سے شہر کے 2 سال کے بچوں کے لیے 2,000 مفت، فل ڈے اور فل ایئر (سال بھر) چائلڈ کیئر سیٹیں فراہم کی جائیں گی۔ فورٹ ٹرائین پارک میں ہونے والی اس 2 کلومیٹر (1.2 میل) طویل واک میں میئر ممدانی کے ساتھ 2 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں اور ان کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایونٹ میں آن لائن رجسٹریشن کے ماہرین، بچوں کے لیے مختصر ریس (Youth Dashes) اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
میئر زہران ممدانی نے عہدہ سنبھالنے کے محض 8 دن بعد گورنر کیتھی ہوچل کے ساتھ مل کر اس اسکیم کا اعلان کیا تھا تاکہ نیویارک میں چائلڈ کیئر کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر ممدانی کا کہنا تھا:
“نیویارک کے دو سال کے بچے آج کی ریس کے اصل فاتح ہیں۔ طویل عرصے سے محنت کش خاندانوں کو چائلڈ کیئر کے بھاری اخراجات اور طویل ویٹنگ لسٹوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا، لیکن اب ‘2-K’ کے ذریعے ہم اس نظام کو بدل رہے ہیں تاکہ ہر بچے کو یکساں مواقع مل سکیں۔”
‘نیویارک روڈ رنرز’ کے سی ای او روب سمپسن (Rob Simmelkjaer) نے اس شراکت داری پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند عادات کو فروغ دینے کے لیے یہ ایک بہترین کمیونٹی ایونٹ تھا۔ واضح رہے کہ اس پروگرام کو مزید مقبول بنانے کے لیے گزشتہ ماہ نیویارک کی معروف ریپر ‘کارڈی بی’ (Cardi B) کے اشتراک سے ایک ‘2-K جنگل کانٹیسٹ’ بھی شروع کیا گیا تھا، جس کے فاتح کا اعلان رواں ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔
اسکول ڈسٹرکٹ 6، 10، 18، 23 اور 27 سے تعلق رکھنے والے خاندان 26 جون 2026 تک اس مفت چائلڈ کیئر پروگرام کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ درخواستیں ‘MySchools’ پورٹل کے ذریعے، فون نمبر 2009-935-718 پر کال کر کے، یا نیویارک سٹی کے کسی بھی ‘فیملی ویلکم سینٹر’ پر جا کر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ کامیاب خاندانوں کو اگست میں سیٹوں کی پیشکش کی جائے گی۔





