نیویارک: عالمی شہرت یافتہ کولمبین پاپ اسٹار شکیرا ایک بار پھر فٹ بال کے سب سے بڑے ایونٹ کا حصہ بننے جا رہی ہیں۔ فیفا نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ شکیرا 11 جون کو میکسیکو سٹی کے تاریخی اسٹیڈیم ایسٹادیو ازٹیکا میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کی افتتاحی تقریب میں شاندار پرفارمنس دیں گی۔
فیفا کے مطابق شکیرا نائیجیرین گلوکار برنا بوائے کے ہمراہ ٹورنامنٹ کا آفیشل اینتھم “Dai Dai” لائیو پیش کریں گی۔ افتتاحی تقریب ورلڈ کپ کے پہلے میچ سے قبل منعقد ہوگی، جس میں میزبان ملک میکسیکو کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔
گانے “Dai Dai” کا نام ایک اطالوی اصطلاح سے لیا گیا ہے، جس کا مفہوم “آگے بڑھو” یا “چلو چلیں” ہے۔ یہ گانا رواں برس کے آغاز میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سرکاری ترانے کے طور پر جاری کیا گیا تھا۔
شکیرا اور فیفا ورلڈ کپ کا تعلق کوئی نیا نہیں۔ انہوں نے 2010 کے جنوبی افریقہ ورلڈ کپ کے لیے مشہور زمانہ گانا “Waka Waka” پیش کیا تھا، جو آج بھی فٹ بال کی تاریخ کے مقبول ترین عالمی ترانوں میں شمار ہوتا ہے۔
افتتاحی تقریب میں کولمبیا کے معروف ریگیٹون اسٹار جے بالون اور جنوبی افریقی گلوکارہ ٹائلہ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی، جس سے تقریب کو مزید رنگا رنگ بنانے کی توقع ہے۔




