نیویارک (ویب ڈیسک): 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کی آمد سے قبل نیویارک سٹی کے میئر زوہران مامدانی نے “ساکر اسٹریٹس(Soccer Streets)” نامی ایک منفرد سیریز کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت شہر کے پانچوں اضلاع (Boroughs) میں واقع 50 سرکاری اسکولوں کے باہر کی سڑکوں کو گاڑیوں کے لیے بند کر کے فٹ بال کے میدانوں، آرٹ اسٹیشنز اور بلاک پارٹیوں میں تبدیل کر دیا جائے گا۔
یہ تقریبات یکم مئی سے شروع ہو چکی ہیں اور 26 جون (اسکولوں کے آخری دن) تک جاری رہیں گی۔ اس اقدام کا مقصد ورلڈ کپ کی خوشیوں کو صرف ان لوگوں تک محدود نہ رکھنا ہے جو مہنگی ٹکٹیں خرید سکتے ہیں، بلکہ شہر کے ہر بچے کو اس کھیل کا حصہ بنانا ہے۔

میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ “اوپن اسٹریٹس” کے ذریعے ہم عوامی جگہوں کو عوام کے لیے بحال کر رہے ہیں تاکہ ہمارے بچے اپنے ہی محلوں میں عالمی کھیلوں کے جشن کا تجربہ کر سکیں۔
اس منصوبے میں نیویارک کا محکمہ تعلیم، ٹرانسپورٹ کمشنر مائیک فلن، اور چوبانی (Chobani) کے سی ای او حمدی اولوکایا سمیت غیر منافع بخش تنظیم “اسٹریٹ لیب” بھی تعاون کر رہے ہیں۔

اسکولوں کے چانسلر قمر سیموئلز نے اسے سیکھنے کا ایک بہترین بیرونی ماحول قرار دیا ہے۔ “ساکر اسٹریٹس” کے تحت طلباء فٹ بال میچز کھیلیں گے، ٹیم کے جھنڈے بنائیں گے اور اپنی کمیونٹی کے ساتھ مل کر جشن منائیں گے۔





