نیویارک: شہر کے حکام نے شدید بارش اور طوفانی موسم کے پیش نظر ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق علاقے میں شام کے وقت بارش میں شدت آنے اور رات بھر جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق طوفان کے دوران تیز ہوائیں بھی چلیں گی جن کی رفتار بعض مقامات پر 40 سے 50 میل فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طوفان کے دوران مجموعی طور پر 2 انچ تک بارش متوقع ہے، تاہم بعض علاقوں میں یہ مقدار 4 انچ تک بھی پہنچ سکتی ہے، جس سے شہری زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
حکومتی اقدامات اور ہنگامی الرٹ
انتظامیہ نے طوفان سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرتے ہوئے نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ مکمل کر لیا ہے۔ شہر میں ڈاون ٹری ٹاسک فورس اور ٹو ٹرک ٹاسک فورس کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے، جو گرے ہوئے درختوں، شاخوں اور پھنسی ہوئی گاڑیوں کو ہٹانے میں مدد فراہم کریں گی۔
حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ زیرِ آب سڑکوں پر گاڑی چلانے سے گریز کریں کیونکہ معمولی پانی بھی گاڑیوں کو بند کر سکتا ہے۔ شدید موسمی صورتحال میں شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہریوں کے لیے اہم معلومات:
- ہنگامی اطلاعات حاصل کرنے کے لیے NOTIFYNYC سروس سے 692-692 پر میسج کر کے جُڑ سکتے ہیں۔
- درخت گرنے یا نکاسی آب میں رکاوٹ کی اطلاع NYC 311 کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔





