ڈلاس، امریکا: دفاعی عالمی چیمپئن ارجنٹینا فیفا ورلڈکپ 2026 کے گروپ جے کے دوسرے میچ میں آج آسٹریا کے خلاف میدان میں اترے گی، جہاں تمام نظریں ایک بار پھر اسٹار فٹبالر لیونل میسی پر مرکوز ہوں گی۔
لیونل میسی نے گزشتہ میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ہیٹ ٹرک اسکور کی اور ثابت کیا کہ عمر صرف ایک عدد ہے۔ 38 سالہ میسی نے الجزائر کے خلاف میچ میں تین گول کیے، جس کی بدولت ارجنٹینا نے اپنے حریف کو با آسانی شکست دی۔
یہ میسی کی فیفا ورلڈکپ میں پہلی ہیٹ ٹرک تھی، جبکہ اس کارکردگی کے ساتھ وہ ورلڈکپ تاریخ کے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے برابر آ گئے ہیں۔ اب ان کے ورلڈکپ گولز کی تعداد 16 ہو چکی ہے۔
میسی کا یہ ورلڈکپ میں چھٹا ایڈیشن ہے، جبکہ ان کا بین الاقوامی کیریئر 2005 میں 18 سال کی عمر سے شروع ہوا تھا۔ یہ ان کے کیریئر کا 200واں انٹرنیشنل میچ بھی تھا۔
اگرچہ میسی نے شاندار کھیل پیش کیا، مگر الجزائر نے اعتراض کیا ہے کہ میچ کے دوران ان کے کپتان عیسیٰ منڈی کی پنڈلی پر قدم رکھنے کے واقعے پر میسی کو ریڈ کارڈ دیا جانا چاہیے تھا، اور اس حوالے سے فیفا ریفری کمیٹی میں باضابطہ شکایت بھی درج کرائی گئی ہے۔
دوسری جانب آسٹریا نے اپنے پہلے میچ میں اردن کو 1-3 سے شکست دی، جہاں مارکو آرناوٹوچ نے اضافی وقت میں پنالٹی پر فیصلہ کن گول اسکور کیا۔ آسٹریا کے کپتان ڈیوڈ الابا نے کہا ہے کہ ارجنٹینا صرف میسی پر منحصر نہیں بلکہ ان کی ٹیم مجموعی طور پر بہت مضبوط ہے۔
ارجنٹینا کے اسسٹنٹ کوچ پابلو ایئمر نے بھی آسٹریا کو ایک جسمانی اور منظم ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حریف گزشتہ میچ سے مختلف چیلنج پیش کرے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق ارجنٹینا اس میچ میں فیورٹ ہے، جس کے جیتنے کے امکانات 60 فیصد سے زائد بتائے جا رہے ہیں، جبکہ آسٹریا کے لیے اپ سیٹ کا امکان کم قرار دیا جا رہا ہے۔
گروپ جے میں ارجنٹینا اور آسٹریا دونوں کے تین، تین پوائنٹس ہیں، جبکہ گول اوسط کی بنیاد پر ارجنٹینا برتری پر ہے۔ اس گروپ میں اردن اور الجزائر تاحال کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکے۔
یہ دونوں ٹیمیں اس سے قبل کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ میں آمنے سامنے نہیں آئیں، تاہم ماضی میں دوستانہ میچز میں ارجنٹینا کو برتری حاصل رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو سکتا ہے۔





