لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

ایمپائراسٹیٹ بلڈنگ کی چوٹی پرخطرناک اسٹنٹ، منگنی کےفوراًبعدگرفتاری

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک: محبت کا اظہار اور قانون کی گرفت! نیویارک کی مشہورِ زمانہ عمارت “ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ” کی چوٹی پر چڑھ کر اسٹنٹ کرنے والے ایک مہم جو جوڑے کو منگنی کرنے کے فوراً بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 33 سالہ انگیلا نیکولاؤ (Angela Nikolau) اور 32 سالہ ایوان کزنیتسوف (Ivan Kuznetsov) نے بدھ کے روز ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کے سب سے اونچے ٹرانسمیٹر (اسپائر) پر چڑھ کر سب کو حیران کر دیا۔ سیاہ لباس میں ملبوس اس جوڑے نے چوٹی پر پہنچ کر امن کا پیغام دینے والا ایک بینر لہرایا، جس پر لکھا تھا: “جب محبت کی طاقت، طاقت کی محبت پر غالب آ جائے گی، تو دنیا میں امن قائم ہو جائے گا۔”

اسٹنٹ کے دوران ہی ایوان نے انگیلا کو انگوٹھی پیش کرتے ہوئے شادی کی پیشکش کی، جسے انہوں نے خوشی خوشی قبول کر لیا۔ جوڑے نے اس یادگار لمحے کی تصاویر اور ویڈیوز اپنے کیمرے میں بھی محفوظ کیں اور سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔

تاہم، یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔ نیویارک پولیس (NYPD) کی ایمرجنسی سروس یونٹ (ESU) کے اہلکاروں نے عمارت کے اندرونی حصے سے اوپر چڑھ کر جوڑے کو بحفاظت نیچے اتارا اور حراست میں لے لیا۔ پولیس اب اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ جوڑا 102ویں منزل پر موجود ایک مقفل مینٹیننس ہیچ (حفاظتی دروازہ) کو کھول کر اوپر جانے میں کیسے کامیاب ہوا۔

بدھ کی رات اس جوڑے کو مڈ ٹاؤن تھانے سے ہتھکڑیاں لگا کر نکالا گیا۔ ان پر چوری، دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے، مجرمانہ تجاوزات (Criminal Trespass)، اور مقامی قوانین کی خلاف ورزی سمیت متعدد سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس خطرناک اسٹنٹ کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے سیاحوں کو آبزرویشن ڈیک سے بھی ہٹا دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ جوڑا دنیا بھر میں اپنی خطرناک ترین کلائمبنگ (Rooftopping) کی وجہ سے مشہور ہے اور ان کی زندگی پر 2024 میں نیٹ فلکس (Netflix) پر ایک دستاویزی فلم “Skywalkers: A Love Story” بھی ریلیز ہو چکی ہے۔