لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

ہیوسٹن میں پاکستان سینٹرپریومِ آزادی امریکہ کی پروقارتقریب

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

ہیوسٹن: امریکہ بھر کی طرح ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں بھی امریکہ کا 250واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، جہاں پاکستانی امریکی کمیونٹی نے بھی بھرپور انداز میں تقریبات میں شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن (PAGH) کے زیرِ اہتمام پاکستان سینٹر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا، جبکہ مسلم امریکن اسکاوٹس نے امریکہ، پاکستان اور ریاست ٹیکساس کے پرچم لہرا کر دونوں ممالک سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔

تقریب میں پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے صدر سراج نارسی، عہدیداران سارہ خان اور ظفر احمد کے علاوہ کمیونٹی رہنماؤں شاہد سنی، پی جے سواتی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسلم امریکن اسکاوٹس میں یادگاری تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

تقریب کی ایک منفرد جھلک پاکستان کی جانب سے تیار کردہ امریکی قومی ترانے کے خصوصی پاکستانی ورژن کی پیشکش تھی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیکساس اسٹیٹ اسمبلی کے پاکستانی نژاد رکن ڈاکٹر سلیمان لالانی نے کہا کہ “ہماری دو مائیں ہیں، ایک پاکستان جس نے ہمیں جنم دیا اور دوسری امریکہ، جو ہمیں ترقی اور خدمت کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔”

پاکستان ایسوسی ایشن آف گریٹر ہیوسٹن کے صدر سراج نارسی نے کہا کہ پاکستانی امریکی ہونے کے ناطے ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ امریکہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی عزت، وقار اور مثبت تشخص کو بھی فروغ دیں۔

تقریب میں شعبۂ تعلیم میں نمایاں خدمات انجام دینے والی پاکستانی نژاد امریکی معلمہ افشاں ضیاء نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے انہیں تعلیم کے میدان میں خدمات انجام دینے کے بہترین مواقع فراہم کیے، جو ان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔