لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

ٹیک دُنیامیں کھلبلی: آئی فون 18 پروکی خفیہ دستاویزات اورتصاویرڈارک ویب پرلیک،

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک / ممبئی: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل (Apple) کے آئندہ آنے والے فلیگ شپ اسمارٹ فونز، آئی فون 18 پرو (iPhone 18 Pro) اور آئی فون 18 پرو میکس (iPhone 18 Pro Max) کی انتہائی حساس دستاویزات، تصاویر اور سپلائرز کی تفصیلات ڈارک ویب پر لیک ہو گئی ہیں۔ اس سیکیورٹی بریچ نے ایپل کی سپلائی چین کی رازداری پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ (Reuters) کے مطابق، یہ انتہائی خفیہ معلومات رینسم ویئر گروپ ‘ورلڈ لیکس’ (World Leaks) کی جانب سے ایپل کے بھارتی سپلائر ٹاٹا الیکٹرانکس (Tata Electronics) سے چوری کیے گئے ڈیٹا کا حصہ ہیں۔

لیک ہونے والی فائلوں میں آئی فون 18 پرو کے سینکڑوں پرزوں، مین سرکٹ بورڈ (PCB)، بیٹری، کیمروں اور چپس تیار کرنے والی کمپنیوں کی تفصیلی معلومات شامل ہیں۔ یہ وہ ڈیٹا ہے جسے ایپل تجارتی راز کے طور پر انتہائی خفیہ رکھتا ہے۔

چوری شدہ دستاویزات پر ایپل کی باقاعدہ “Confidential” کی مہریں اور آئی فون 18 پرو سیریز کے اندرونی کوڈ نیمز (Code Names) بھی درج ہیں۔ مزید برآں، 2026 کے اوائل میں ٹاٹا کے پلانٹ میں کیے گئے ڈراپ ٹیسٹ کے دوران استعمال ہونے والے مبینہ آئی فون 18 پرو ماڈلز کی تصاویر بھی منظرِ عام پر آ چکی ہیں۔

ٹیک ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ڈیٹا لیک سے نہ صرف ایپل اور ٹاٹا الیکٹرانکس کے کاروباری تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں، بلکہ حریف کمپنیوں اور جعلی آئی فونز بنانے والوں کے ہاتھ ایپل کی سپلائی چین کے اہم راز لگ سکتے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق، ایپل نے اس سیکیورٹی بریچ کی ہائی لیول تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹاٹا الیکٹرانکس کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ ٹاٹا نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حساس سسٹمز تک داخلی رسائی (Internal Access) کو محدود کر دیا ہے اور فرانزک آڈٹ کے لیے ایک نامور عالمی کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

یہ پریشان کن پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب میموری اور اسٹوریج چپس کی بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث ایپل پہلے ہی اپنی بعض مصنوعات کی قیمتیں بڑھا چکا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس سیکیورٹی بحران اور سپلائی چین کی لاگت کے نتیجے میں آنے والے مہینوں میں آئی فون کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔