لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

اوپن اےآئی کوامریکی ریاستوں کی طرف سےبڑا قانونی دھچکا:8 ریاستوں نےچیٹ جی پی ٹی کے خلاف عدالتوں سےرجوع کرلیا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

واشنگٹن (ویب ڈیسک): مصنوعی ذہانت (AI) کی دنیا کی صفِ اول کی کمپنی اوپن اے آئی (OpenAI) کو اس وقت شدید قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے جب امریکا کی 8 ریاستوں نے مشترکہ طور پر کمپنی کے خلاف عدالتوں میں مقدمات دائر کر دیے ہیں۔

ان ریاستوں کا مؤقف ہے کہ مقبول چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی (ChatGPT) بچوں سمیت عام صارفین کے لیے ذہنی و جسمانی نقصان کا باعث بن رہا ہے اور یہ نظام غلط فہمیوں، غیر حقیقی تصورات اور پرتشدد کارروائیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بدھ کے روز دائر کی جانے والی ان قانونی کارروائیوں میں نیبراسکا، آئیووا، کنساس، ایریزونا، مونٹانا، ویسٹ ورجینیا، آئیڈاہو اور آرکنساس کی ریاستیں شامل ہیں، جن کے اٹارنی جنرلز نے اپنی اپنی ریاستوں کی عدالتوں میں الگ الگ مگر ہم آہنگ درخواستیں دائر کی ہیں۔

مقدمات میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ صارف کی ہر بات سے اتفاق کرتے ہوئے اس کی دلچسپی برقرار رکھے، جس کے نتیجے میں بعض اوقات یہ بوٹ صارفین کے غلط اور خطرناک تصورات کو تقویت دیتا ہے اور اجتماعی فائرنگ جیسے پُرتشدد واقعات کی منصوبہ بندی میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔

عدالتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اوپن اے آئی کو ایسے اے آئی ماڈلز کی تیاری سے روکا جائے جو خود کو خودکار طور پر بہتر بنا سکتے ہیں، جب تک کہ کمپنی اس بات کی حتمی ضمانت نہ دے دے کہ ان کا طرزِ عمل انسانی اقدار اور تحفظ کے تقاضوں سے مطابقت رکھتا ہے۔

درخواست گزار ریاستوں نے صارفین کے تحفظ سے متعلق ریاستی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر اوپن اے آئی کے خلاف بھاری مالی جرمانے، ہرجانے اور صارفین کو گمراہ کرنے پر سخت پابندیوں کے احکامات کا مطالبہ کیا ہے۔

مصنوعی ذہانت کی کسی بڑی کمپنی کے خلاف امریکی ریاستوں کی جانب سے یہ اب تک کی سب سے بڑی اور منظم قانونی کارروائی ہے، جس سے اوپن اے آئی کے لیے نئے چیلنجز پیدا ہو گئے ہیں جبکہ کمپنی عوامی سطح پر حصص جاری کرنے (IPO) کی تیاریوں میں بھی مصروف ہے۔

اس سے قبل جون میں فلوریڈا کے اٹارنی جنرل نے بھی اس نوعیت کا پہلا مقدمہ دائر کیا تھا۔ اس کے علاوہ اوپن اے آئی کو انفرادی شہریوں کی جانب سے دائر کیے گئے درجنوں دیگر مقدمات کا بھی سامنا ہے جن میں پُرتشدد سرگرمیوں کی معاونت کا الزام عائد کیا گیا ہے۔