لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

برطانیہ 1966ء کےبعدپہلی بارفٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کرےگا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

لندن / کراچی (ویب ڈیسک): برطانیہ 1966ء کے بعد پہلی مرتبہ فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، جہاں انگلینڈ، شمالی آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز مشترکہ طور پر 2035ء کے فیفا ویمنز ورلڈ کپ (2035 Women’s World Cup) کی میزبانی کریں گے۔

چاروں برطانوی خطے اس عالمی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے واحد بولی دہندہ (Sole bidders) ثابت ہوئے ہیں، جس کے تحت 39 دنوں کے دوران 48 کوالیفائنگ ممالک کے درمیان مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔

مشترکہ میزبانی کی اس ”آل ٹوگیدر“ (All Together) بولی میں 19 وینیوز شامل کیے گئے ہیں جن میں 14 انگلینڈ میں، ایک شمالی آئرلینڈ میں، دو اسکاٹ لینڈ میں اور دو ویلز میں واقع ہیں۔

عالمی فٹبال تنظیم فیفا (FIFA) نے رواں ماہ کے اوائل میں جاری کردہ اپنی جائزہ رپورٹ میں اس بولی کو 5 میں سے 4.3 کی شاندار ریٹنگ دی ہے۔

ٹورنامنٹ کے میچز برطانیہ کے باوقار ترین اسٹیڈیمز میں منعقد ہوں گے جن میں ویمبلے (Wembley)، ہِل ڈکنسن اسٹیڈیم (Hill Dickinson Stadium)، ایمریٹس اسٹیڈیم (Emirates) اور ٹوٹنہم ہاٹ اسپر اسٹیڈیم (Tottenham Hotspur Stadium) نمایاں ہیں۔

اس کے علاوہ ولا پارک (Villa Park)، دی ایمیکس (The Amex)، ایشٹن گیٹ (Ashton Gate)، ایلنڈ روڈ (Elland Road)، سیلہرسٹ پارک (Selhurst Park)، اتحاد اسٹیڈیم (Etihad Stadium)، سینٹ جیمز پارک (St James’ Park)، دی سٹی گراؤنڈ (City Ground)، اسٹیڈیم آف لائٹ (Stadium of Light) اور اولڈ ٹریفورڈ (Old Trafford) بھی فہرست میں شامل ہیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کا میدان چاہے موجودہ اولڈ ٹریفورڈ رہے یا نیا اسٹیڈیم تعمیر ہو، اسے ہر صورت میں زیرِ غور رکھا جائے گا، جبکہ مزید تین وینیوز کی شمولیت بھی ممکن ہے جن میں برمنگھم کا نیا پاور ہاؤس اسٹیڈیم (Powerhouse Stadium) اور چیلسی کا ممکنہ نیا گراؤنڈ شامل ہیں۔

فٹبال ایسوسی ایشن (FA) کے چیف ایگزیکٹو مارک بلنگھم (Mark Bullingham) نے کہا کہ یورو 2022ء کی میزبانی نے ملک میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے رول ماڈلز پیدا کر کے کھیل کا نقشہ بدل دیا، اور اب ورلڈ کپ کی میزبانی چاروں خطوں میں اس ترقی کو مزید آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ اگلے سال 2027ء کا ویمنز ورلڈ کپ برازیل میں اور 2031ء کا ایڈیشن چار ممالک امریکا، میکسیکو، کوسٹا ریکا اور جمیکا میں ہوگا۔ اس سے قبل 2028ء میں برطانیہ اور آئرلینڈ مینز یورو (Men’s Euros) کی میزبانی بھی کریں گے جو 2006ء اور 2018ء کے ورلڈ کپ کی ناکام بولیوں کے بعد ایک بڑی کامیابی ہے۔

ادھر 2023ء کے فائنل میں اسپین سے 1-0 سے شکست کھانے والی انگلینڈ کی ویمنز ٹیم (Lionesses) کوچ سرینا ویگمین (Sarina Wiegman) کی قیادت میں مسلسل دو بار یورپی چیمپئن (2022ء اور 2025ء) بن چکی ہے اور آئندہ سال کے ورلڈ کپ میں رسائی کے لیے یوکرین کے خلاف پلے آف کھیلے گی۔