لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

نیویارک سٹی ہال میں خصوصی نمائش ”دی نیو یارک ساڑھی“ کا انعقاد،میئرظہران ممدانی اور شیکھر کرشنن کی شرکت

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی ہال میں جمعہ کی شام جنوبی ایشیائی ثقافت، روایات اور خواتین کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی تقریب ”دی نیو یارک ساڑھی“ (The New York Sari) منعقد ہوئی، جس میں نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی (Zohran Mamdani) نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں سٹی کونسل کے رکن شیکھر کرشنن (Shekar Krishnan) سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور کمیونٹی کی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یہ خصوصی نمائش دراصل نیویارک ہسٹوریکل (New York Historical) کے زیرِ اہتمام پیش کی جانے والی ایک نمائش کا تسلسل ہے، جس کا بنیادی مقصد نیویارک میں آباد جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی تاریخ، ثقافت، خدمات اور ان کی جدوجہد کو نمایاں کرنا ہے۔

اس تقریب کا اہتمام سٹی کونسل ممبر شیکھر کرشنن نے اپنے ساتھیوں مترا کلیتا اور لوئس میرر کے تعاون سے کیا۔

تقریب میں جنوبی ایشیائی خواتین کی شناخت اور کامیابیوں کی علامت سمجھی جانے والی ساڑھیوں کو خصوصی طور پر پیش کیا گیا۔ سٹی ہال میں نمائش کے لیے رکھی گئی تین ساڑھیاں سٹی کونسل ممبر شہانہ حنیف (Shahana Hanif)، میئر ظہران ممدانی کی والدہ میرا نائر (Mira Nair) اور شیکھر کرشنن کی والدہ ڈاکٹر للیتھا کرشنن (Dr. Lalitha Krishnan) کی ملکیت ہیں۔

میئر ممدانی کی والدہ میرا نائر معروف فلم ساز ہیں، جبکہ ڈاکٹر للیتھا کرشنن نے کیمسٹری میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد امریکا میں سائنسی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں اور ایک اینٹی بائیوٹک (Antibiotic) کی بڑے پیمانے پر تیاری کے لیے فارمولہ تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

شیکھر کرشنن نے اس موقع پر جنوبی ایشیائی تارکین وطن کی تاریخی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں امریکی امیگریشن پالیسیوں نے جنوبی ایشیائی باشندوں کی امریکا آمد محدود کی اور ان سے شہریت کے حقوق بھی چھین لیے گئے تھے، جبکہ شہریت کے حقوق ملنے کے بعد بھی کمیونٹی کو نسلی امتیاز، تعصب، دقیانوسی تصورات اور ایشیائی باشندوں کے خلاف نفرت جیسے مسائل کا سامنا رہا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیائی کمیونٹی نے نیویارک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے جس میں ٹیکسی ڈرائیورز کے حقوق کا تحفظ، اوبر اور لیفٹ (Uber and Lyft) ڈرائیورز کے لیے ملازمت کے بہتر قوانین، اسٹریٹ وینڈرز (Street vendors) کو قانونی تحفظ اور دیوالی کو نیویارک سٹی کے سرکاری اسکولوں میں تعطیل قرار دلوانے کی جدوجہد نمایاں ہے۔

شیکھر کرشنن نے یہ بھی بتایا کہ میئر ظہران ممدانی اور وہ ماضی میں ٹیکسی ڈرائیورز کے حقوق کے لیے ہونے والے احتجاج میں ایک ساتھ گرفتار بھی ہوئے تھے۔

تقریب کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ جنوبی ایشیائی تارکین وطن کی قربانیوں، محنت اور کامیابیوں کو نئی نسل کے سامنے لایا جائے تاکہ نوجوان اپنی شناخت اور اپنے بزرگوں کی جدوجہد کو سمجھ سکیں۔