لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

بھارت میں نوجوانوں کی”کاکروچ تحریک“کےرہنما سوروداس کودہلی ایئرپورٹ پربرطانیہ جانے سےروک دیاگیا:

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نئی دہلی / لندن (ویب ڈیسک): بھارت میں نوجوانوں کی زیرِ قیادت چلنے والی مقبول احتجاجی تحریک ”کاکروچ موومنٹ“ (Cockroach movement) کے صفِ اول کے رہنما 27 سالہ سورو داس (Saurav Das) نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں دہلی ایئرپورٹ پر برطانیہ جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا گیا.

سورو داس کاکروچ جنتا پارٹی (Cockroach Janta party – CJP) کے مرکزی رہنما ہیں جس نے رواں سال مئی میں آغاز کے بعد سے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز حاصل کیے ہیں۔ منگل کی علی الصبح برطانیہ روانہ ہونے والے سورو داس نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں مطلع کیا کہ ان کا پاسپورٹ فلیگ (Flagged) کر دیا گیا ہے، جبکہ یہ واقعہ ایک ماہ قبل دہلی میں بھارت کے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کے مطالبے پر ہونے والے مظاہروں کے دوران سکیورٹی کریک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ان کی حراست کے بعد پیش آیا ہے۔

سورو داس نے پیر کی شب سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ”اس بزدل حکومت نے مجھے لندن جانے والی پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جہاں مجھے آکسفورڈ (Oxford)، کیمبرج (Cambridge)، ایل ایس ای (London School of Economics) اور ایڈنبرا (Edinburgh) جیسی باوقار یونیورسٹیوں نے کاکروچ تحریک پر خطاب کے لیے مدعو کیا تھا۔“

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی طلباء نے ان تقریبات کے انعقاد میں اپنا دل و جان لگا دیا تھا مگر یہ علم دشمن حکومت ان باوقار اداروں میں ان کی آمد سے خوفزدہ تھی۔ سورو داس یکم دسمبر کو معروف مباحثہ فورم آکسفورڈ یونین سوسائٹی (Oxford Union society) سے بھی خطاب کرنے والے تھے۔

واضح رہے کہ CJP کے زیرِ اہتمام جولائی میں مبینہ امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف ہونے والے شدید احتجاجی مظاہروں نے وزیرِ تعلیم کو مستعفی ہونے پر مجبور کر دیا تھا، جسے وزیراعظم نریندر مودی (Narendra Modi) کی حکومت کی جانب سے ایک غیر معمولی پسپائی قرار دیا گیا تھا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ 2014ء میں مودی کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد سے بھارت میں انسانی حقوق اور آزادیِ صحافت میں مسلسل کمی آئی ہے.

رواں ماہ کے اوائل میں بھارت نے اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی کے زیرِ اہتمام جمہوریت کانفرنس میں شرکت کے لیے 100 سے زائد غیر ملکی مقررین کو آنے سے روک دیا تھا جن میں ایک نارویجن صحافی بھی شامل تھے جنہوں نے ماضی میں مودی سے آزادیِ صحافت پر سوال کیا تھا، جبکہ 2022ء میں بھارتی زیرِ انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایوارڈ یافتہ فوٹوگرافر ثناء ارشاد متو (Sanna Irshad Mattoo) کو بھی پُلٹزر پرائز وصول کرنے کے لیے امریکا جانے سے روک دیا گیا تھا۔