واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکا میں آنتوں کی سوزش اور شدید اسہال کا باعث بننے والی بیماری ‘سائیکلوسپوریاسس’ (Cyclosporiasis) کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ صحت کے ماہرین بیماری کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کی اصل وجوہات اور ذرائع کا سراغ لگانے میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
امریکی ادارہ برائے ضبط و انسدادِ بیماریاں (CDC) کے مطابق ملک کی 41 ریاستوں میں اب تک 11 ہزار 500 سے زائد پراسبل اور تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے کم از کم 4 ہزار 100 سے زائد کی باقاعدہ لیبارٹری سے تصدیق ہو چکی ہے۔
سی ڈی سی کی رپورٹ کے مطابق پانچ ریاستوں میں واقع مشہور فاسٹ فوڈ چین ‘ٹاکو بیل’ (Taco Bell) کے ریسٹورنٹس میں استعمال ہونے والی باریک کٹی ہوئی آئس برگ لیٹس (سلاد کے پتے) کو اس بیماری کے ایک بڑے حصے کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ اس انکشاف کے بعد متعلقہ سپلائر کمپنی نے رضاکارانہ طور پر تمام متاثرہ سلاد کو مارکیٹ سے واپس منگوا لیا ہے۔
تاہم، ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ تمام کیسز کو صرف آئس برگ لیٹس سے نہیں جوڑا جا سکتا کیونکہ متعدد دیگر ریاستوں میں بھی بڑی تعداد میں مریض سامنے آئے ہیں جہاں لوگ اس فاسٹ فوڈ چین سے منسلک نہیں تھے، جس کی وجہ سے بیماری کے دیگر ذرائع اب بھی معلوم نہیں ہو سکے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سائیکلوسپوریاسس کے جراثیم جسم میں داخل ہونے کے بعد علامات ظاہر ہونے میں چند دنوں سے لے کر ایک ہفتے سے زیادہ کا وقت لگ سکتا ہے۔ اس تاخیر کی وجہ سے مریضوں کے لیے یہ یاد رکھنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے کہ انہوں نے دنوں پہلے کون سی آلودہ خوراک یا سبزیاں استعمال کی تھیں، جو تحقیقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔





