واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ لبنانی وزیر اعظم، لبنانی صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد اس اہم پیش رفت پر اتفاق کیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق، امریکی وقت کے مطابق آج شام 5 بجے سے 10 روزہ جنگ بندی کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے اسے ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا، “دنیا بھر میں 9 بڑی جنگوں کو حل کرنا میرے لیے اعزاز رہا ہے اور یہ دسویں جنگ ہوگی جسے ہم ختم کرنے جا رہے ہیں۔”
صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ لبنان اور اسرائیل کے حکام نے 34 سالوں میں پہلی بار منگل کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کا مقصد خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا تھا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم اور لبنانی صدر کو پہلی بامعنی اور باضابطہ بات چیت کے لیے بہت جلد وائٹ ہاؤس مدعو کریں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان مستقل امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔
