واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کی شام ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ میڈیکیئر پارٹ بی (Medicare Part B) کے پریمیم اخراجات کو کم کرنے کے لیے 2 کروڑ سے زائد معمر امریکی شہریوں (Seniors) میں تقریباً 2 ارب ڈالر کے امدادی چیکس تقسیم کرے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹرتھ سوشل’ (Truth Social) پر جاری ایک پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ یہ رقم “میڈیکیئر امپرومنٹ فنڈ” (Medicare Improvement Fund) سے حاصل کی جائے گی، جسے انہوں نے ایک “بے مقصد سلش فنڈ” (Slush Fund) قرار دیا۔
یہ فنڈ امریکی کانگریس نے 2008 میں میڈیکیئر فیس فار سروس پروگرام میں بہتری لانے کے لیے قائم کیا تھا۔
وائٹ ہاؤس کی حقائق نامہ (Fact Sheet) کے مطابق، رواں ماہ کے آغاز سے اس پروگرام میں شامل 2 کروڑ سے زائد افراد کے اکاؤنٹس میں 90 ڈالر کی یکمشت رقم براہ راست جمع (Direct Deposit) کی جائے گی۔ واضح رہے کہ 2026 میں میڈیکیئر پارٹ بی کا ماہانہ معیاری پریمیم 202.90 ڈالر ہے۔
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا: “ہم اس فنڈ اور اپنی موسٹ فیورڈ نیشنز ڈیلز کے ذریعے اپنے بزرگوں کے اخراجات میں نمایاں کمی کر رہے ہیں۔ میں نے میڈیکیئر اور سوشل سیکیورٹی کی حفاظت کا وعدہ کیا تھا اور ہم اسے پورا کر رہے ہیں۔”
صدر ٹرمپ کا یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں سال نومبر کے مڈ ٹرم انتخابات سے قبل ان کی معاشی مقبولیت میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس اور NORC کے تازہ ترین پول کے مطابق 65 فیصد امریکیوں نے معیشت اور بڑھتی مہنگائی کا ذمہ دار ٹرمپ پالیسیوں کو ٹھہرایا ہے، جبکہ 73 فیصد نے ان کی معاشی حکمت عملی کو مسترد کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنا سابقہ وعدہ دہرااتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی پارٹی (ریپبلکنز) مڈ ٹرم انتخابات میں کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت برقرار رکھتی ہے تو ہر امریکی شہری کو 5,000 ڈالر کا “ٹرمپ ڈیویڈنڈ” (Trump Dividend) چیک دیا جائے گا۔





