نیویارک: نیویارک شہر کے مشہور علاقے ‘اپر ایسٹ سائیڈ’ (Upper East Side) میں لیجیونیئرز بیماری (Legionnaires’ disease) کے پھوٹنے والے کلسٹر سے ایک اور شہری جان کی بازی ہار گیا ہے، جس کے بعد اس بیماری سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 ہو گئی ہے۔
سٹی ہیلتھ کمشنر ڈاکٹر ایلسٹر مارٹن (Dr. Alister Martin) نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ اپر ایسٹ سائیڈ کلسٹر میں اب تک لیجیونیئرز کے 74 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 8 افراد اب بھی مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج اور داخل ہیں۔
ڈاکٹر ایلسٹر مارٹن نے اپنے جذباتی بیان میں کہا:”انتہائی دکھ کے ساتھ رپورٹ کر رہا ہوں کہ اپر ایسٹ سائیڈ پر لیجیونیئرز بیماری سے تیسرے فرد کا انتقال ہو گیا ہے۔ ہماری ہمدردیاں اس دکھ کی گھڑی میں ان کے اہلخانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔”
واضح رہے کہ اس سے قبل محکمہ صحت نے ہفتے کے روز دوسری ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
ہیلتھ کمشنر نے شہریوں کو تسلی دیتے ہوئے بتایا کہ ہنگامی سرویلنس ڈیٹا سے کسی نئے تشویشناک رجحان کا اشارہ نہیں ملا ہے اور تحقیقاتی ٹیموں کا ماننا ہے کہ وائرس/بیکٹیریا کے پھیلنے کا بنیادی ذریعہ ختم (Eliminated) کیا جا چکا ہے۔ اس کے باوجود محکمہ صحت علاقے کے ان تمام کولنگ ٹاورز (Cooling Towers) کا مسلسل معائنہ کر رہا ہے جہاں ‘لیجیونیلا’ (Legionella) بیکٹیریا کی موجودگی کے مثبت ٹیسٹ آئے تھے۔
صحت کے حکام نے ان تمام شہریوں کو، جو زپ کوڈز 10028، 10075 اور 10128 میں رہتے ہیں یا وہاں وقت گزار چکے ہیں، ہدایت کی ہے کہ اگر ان میں فلو جیسی علامات (بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشواری) ظاہر ہوں تو وہ فوراً طبی امداد حاصل کریں۔





