لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

وزیراعظم شہبازشریف کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدیدمذمت،یکجہتی کااظہار

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

اسلام آباد / ریاض: وزیراعظم شہباز شریف (PM Shehbaz Sharif) نے سعودی عرب کے خلاف کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں مملکت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اپنے ایک خصوصی بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ اس نوعیت کی قابلِ مذمت کارروائیاں خطے کے امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس نازک وقت میں برادر مملکت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے کی جانے والی تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کے ابہا ائیر پورٹ (Abha Airport) پر حوثی باغیوں (Houthi rebels) نے میزائل حملے کیے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے فائر کیے گئے بیلسٹک میزائل (Ballistic Missile) فضا میں ہی تباہ کر دیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں یمن میں سعودی اتحادی فورس کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی (Major General Turki al-Malki) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب میزائل فائر کیے گئے تھے، تاہم ملکی فضائی دفاعی نظام نے اس حملے کو بروقت ناکام بنا دیا۔ دوسری جانب یمن کے حوثیوں نے سعودی عرب پر صنعا ائیرپورٹ پر فضائی حملے کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کارروائی کے نتائج بھگتنے کی دھمکی دی تھی۔

سعودی عرب پر حوثی حملوں کے بعد امریکی نیوز ویب سائیٹ ‘ایکسیوس’ (Axios) نے ایک بڑا دعویٰ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ (Donald Trump) نے مبینہ طور پر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان (Crown Prince Mohammed bin Salman) کو یمن میں “ایران نواز حوثی باغیوں” کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے امریکی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ تاہم، ابھی تک وائٹ ہاؤس یا سعودی حکام کی جانب سے اس دعوے کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

پاکستان نے صرف بیانات تک محدود رہنے کے بجائے بین الاقوامی سطح پر بھی سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل (UN Security Council) کے مشرقِ وسطیٰ (یمن کی صورتحال) پر منعقدہ ہنگامی اجلاس کے دوران بھی پاکستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مملکت کے دفاع کے حق کی حمایت کی۔