کرائیل(ویب ڈیسک): فرانس کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستانی نژاد فرانسیسی شہری عمر یعقوب نے تاریخی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ وہ فرانس کے شہر کرائی (Creil) کے میئر منتخب ہو گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی انہیں فرانس کے کسی بھی شہر کا پہلا پاکستانی نژاد میئر بننے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔
حالیہ بلدیاتی انتخابات میں عمر یعقوب نے اپنی سیاسی بصیرت اور عوامی مقبولیت کی بدولت واضح اکثریت حاصل کی۔ ان کی جیت نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثر و رسوخ کی بھی عکاس ہے۔ عمر یعقوب کی اس فتح کو فرانسیسی سیاست میں تارکین وطن کی شمولیت کے حوالے سے ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ان انتخابات میں مجموعی طور پر 16 پاکستانی امیدواروں نے مختلف سیاسی جماعتوں کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا تھا، جن میں سے عمر یعقوب میئر منتخب ہوئے جبکہ دیگر 7 امیدوار کونسلر کی نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے۔
عمر یعقوب کی اس کامیابی پر فرانس اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین اسے محنت اور قابلیت کی جیت قرار دے رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عمر یعقوب کی کامیابی سے فرانس میں مقیم پاکستانی نژاد نوجوانوں کے لیے سیاست کے نئے راستے کھلیں گے۔
