نیویارک: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل کے زیرِ اہتمام ‘یو این پیس آپریشنز کے مستقبل’ پر بریفنگ کے دوران قومی بیانیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز سب سے اہم اور نمایاں ذریعہ ہیں۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ امن مشنز سیاسی عمل کا متبادل نہیں ہو سکتے، لیکن متعدد بحرانی صورتحال میں ان مشنز نے جنگ بندی میں مدد فراہم کر کے، شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنا کر اور کمزور امن معاہدوں کی نگرانی کر کے سیاسی حل تلاش کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔پاکستانی مندوب نے موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں درج ذیل اہم نکات کو اجاگر کیا:
عالمی سطح پر تنازعات نہ صرف بڑھ رہے ہیں بلکہ پہلے سے زیادہ پیچیدہ شکل اختیار کر چکے ہیں۔
اقوامِ متحدہ پر توقعات اور مطالبات کا بوجھ بڑھ رہا ہے جبکہ اس کے برعکس سلامتی مشنز کو کم ہوتے ہوئے مالی و دیگر وسائل کا سامنا ہے۔
تبدیل ہوتے ہوئے حالات کے ساتھ امن مشنز کی ساخت، طریقہ کار اور کارکردگی میں مسلسل اصلاحات لانا وقت کا اہم تقاضا بن چکا ہے۔
پاکستان دہائیوں سے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کا ایک سرکردہ اور صفِ اول کا رکن رہا ہے، جس نے دنیا بھر کے تنازع زدہ علاقوں میں امن و امان بحال کرنے کے لیے اپنے ہزاروں فوجی اور شہری اہلکار تعينات کیے ہیں۔





