اسلام آباد / راولپنڈی: پاکستان اور کویت نے اپنے باہمی دفاعی و عسکری تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اہم ‘پروٹوکول ایگریمنٹ 2026’ پر دستخط کر دیے ہیں۔
یہ معاہدہ 2023 کے دفاعی تعاون کے فریم ورک کا مسلسل حصہ ہے جس کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں فنی، تدریسی اور تزویراتی معاونت فراہم کرے گا۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کے درمیان اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیا معاہدہ 2023 کے دفاعی فریم ورک کو مزید مضبوط اور وسعت فراہم کرے گا۔
پاکستان کویتی مسلح افواج کے اہلکاروں کی تربیت، استعداد کار میں اضافے، بارڈر مینجمنٹ اور دیگر طے شدہ عسکری شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا۔
دونوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور باہمی اعتماد پر مبنی مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
:
کويت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (GHQ) راولپنڈی کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔ وفد میں کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران علاقائی سیکورٹی، دوطرفہ ملٹری لنکس اور ادارہ جاتی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ کویتی وفد نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل مہارت اور خطے میں امن کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔





