سنگاپور (ویب ڈیسک): پاکستان اور سنگاپور کے درمیان 60 سالہ سفارتی تعلقات کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان ہائی کمیشن سنگاپور کے زیرِ اہتمام ایک پروقار ’مینگو فیسٹیول‘ (Mango Festival) کا انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول میں پاکستان کے دنیا بھر میں مشہور اور خوش ذائقہ عاموں کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جہاں سنگاپور کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
سنگاپور کے وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ ذوالقرنین عبدالرحیم (Zhulkarnain Abdul Rahim) تقریب کے مہمانِ خاص تھے۔ اس فیسٹیول میں سرکاری حکام، تاجر برادری، سفارتکاروں، صحافیوں اور پاکستانی و سنگاپوری کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے پاکستان کے زرعی ورثے کو سراہا۔

فیسٹیول میں پاکستان کی پریمیم ورائٹیز بالخصوص ‘چونسا’ اور ‘سینسیشن’ سے تیار کردہ خصوصی مینو مہمانوں کو پیش کیا گیا، جس کی خوشبو اور ذائقے نے تمام حاضرین کو سحر انگیز کر دیا۔
سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق (Rabia Shafiq) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا “پاکستانی عام اپنے بے مثال ذائقے اور معطر خوشبو میں دنیا بھر میں لاثانی ہیں۔ اس قسم کے ایونٹس کا مقصد سنگاپوری عوام کو پاکستان کی تنوع، روایتی مہمان نوازی اور ثقافت سے روشناس کرانا ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو سکیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیسٹیول پاکستان کی ثقافت، تجارت اور روایتی کھانوں کا ایک بہترین اور ہم آہنگ امتزاج ہے۔

تقریب کے دوران پاکستان کے خوبصورت مناظر، سیاحتی مقامات اور امیر ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے والی ایک مختصر ویڈیو ’سلام پاکستان‘ بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان 60 سالہ پائیدار دوستی اور سفارتی تعلقات کی خوشی میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

شرکاء نے پاکستانی عاموں کی شاندار کوالٹی، مٹھاس اور ذائقے کی بھرپور تعریف کی۔ اس فیسٹیول نے سنگاپور کی مارکیٹ میں پاکستان کی زرعی برآمدات کو فروغ دینے اور دوطرفہ تجارتی روابط کو وسعت دینے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا۔





