NYC Housing Crisis Deepens After Sudden Termination of Federal Support Program

تاہم، اولگا گارسیا کا کہنا ہے کہ وہ مالی، جسمانی اور جذباتی صدمے سے بچنے کے لیے جب تک ممکن ہو سکا، اپنے موجودہ گھر کو نہیں چھوڑیں گی۔

Editor News

نیویارک (منہیٹن): ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بے گھر ہونے کے خطرے سے دوچار افراد کی مدد کے لیے شروع کیا گیا ایک بڑا وفاقی ہاؤسنگ پروگرام اچانک ختم کر دیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے شدید اثرات نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹیکٹ (Tri-state region) سمیت خاص طور پر نیویارک سٹی میں دیکھے جا رہے ہیں، جہاں مقامی ہاؤسنگ اتھارٹی (NYCHA) اس وفاقی پروگرام کی نگرانی کر رہی تھی۔

وفاقی فنڈز کی اس اچانک بندش نے عام شہریوں کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ نیویارک کے مہنگے ترین علاقے ‘اپر ویسٹ سائیڈ’ کی رہائشی 72 سالہ اولگا گارسیا (Olga Garcia) بھی ان متاثرین میں شامل ہیں، جو گزشتہ ساڑھے چار سال سے ایک بیڈ روم کے اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہیں۔

اولگا گارسیا کو ہاؤسنگ ایڈوکیسی گروپ ‘پروجیکٹ فائنڈ’ (Project FIND) کی بدولت یہ سستا گھر ملا تھا، لیکن وہ کرایے کی ادائیگی کے لیے وفاقی حکومت کے ‘ایمرجنسی ہاؤسنگ واؤچر’ (EHV) پروگرام پر انحصار کرتی تھیں۔

یہ وفاقی واؤچر اولگا گارسیا کے 1500 ڈالر ماہانہ کرایے کا دو تہائی حصہ کور کرتا تھا۔ طے شدہ شیڈول سے چار سال قبل ہی اس پروگرام کو اچانک ختم کر دیے جانے کے بعد، اب نیویارک ہاؤسنگ اتھارٹی (NYCHA) نے گارسیا کو رواں ہفتے کے آخر تک اپنا اپارٹمنٹ خالی کر کے 4 میل دور 145 ویں اسٹریٹ پر واقع ایک اور عمارت میں منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ اولگا گارسیا نے روتے ہوئے کہا، “میں ایک مقررہ آمدنی (Fixed Income) پر گزارا کرتی ہوں، یہ میرا محفوظ علاقہ ہے۔ اچانک گھر بدلنے پر میرا کم از کم 3,000 ڈالر خرچ آئے گا جو میرے پاس نہیں ہیں۔”

پروجیکٹ فائنڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مارک جیننگز نے وفاقی حکومت اور نیویارک سٹی کے اس اقدام پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا، “لوگوں کو شیلٹرز میں آوارہ کتوں اور بلیوں کی طرح یہاں سے وہاں منتقل کرنا ہاؤسنگ کا تحفظ نہیں کہلاتا، جس مقصد کے لیے یہ واؤچرز بنائے گئے تھے۔”

دوسری جانب نیویارک ہاؤسنگ اتھارٹی نے اپنے بیان میں وضاحت کی ہے کہ وفاقی حکومت نے ‘ایمرجنسی ہاؤسنگ واؤچر’ (EHV) پروگرام کو قبل از وقت ختم کرنے کا اعلان کیا ہے کیونکہ 2026ء کے آخر تک اس کے فنڈز مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔

NYCHA متاثرہ افراد کے لیے متبادل سستے گھر تلاش کرنے کے لیے کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں تاکہ ہر متاثرہ خاندان کو ہاؤسنگ کا متبادل فراہم کیا جا سکے۔

تاہم، اولگا گارسیا کا کہنا ہے کہ وہ مالی، جسمانی اور جذباتی صدمے سے بچنے کے لیے جب تک ممکن ہو سکا، اپنے موجودہ گھر کو نہیں چھوڑیں گی۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *