نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے 10 لاکھ سے زائد رینٹ اسٹیبلائزڈ اپارٹمنٹس کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے “رینٹ گائیڈ لائنز بورڈ” (RGB) کا اہم اجلاس بدھ کو منعقد ہو رہا ہے۔
یہ اجلاس ایک طویل مشاورتی عمل کا آغاز ہے جس کا حتمی فیصلہ جون 2026 میں کیا جائے گا۔
نیویارک کے نئے میئر زہران ممدانی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران “رینٹ فریز” (کرایوں میں اضافہ نہ کرنے) کا اہم وعدہ کیا تھا۔ اگرچہ میئر براہِ راست کرایوں کا تعین نہیں کر سکتے، لیکن انہوں نے حال ہی میں بورڈ میں 6 نئے ارکان نامزد کیے ہیں جن میں شانٹیلا مچل کو چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔ ان نامزدگیوں کے بعد اب بورڈ میں ممدانی کے حامیوں کی اکثریت ہے، جس سے “رینٹ فریز” کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
ہاؤسنگ جسٹس فار آل (Housing Justice For All) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمتھی کمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ نیویارک کے کرایہ دار پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، اس لیے کرایوں میں کسی بھی قسم کا اضافہ ناقابل قبول ہوگا۔ دوسری جانب مکان مالکان کا موقف ہے کہ پراپرٹی ٹیکس اور مرمت کے اخراجات میں اضافے کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ضروری ہے۔
اس فیصلے سے تقریباً 20 لاکھ سے زائد نیویارکرز براہِ راست متاثر ہوں گے۔
