نیویارک: نیویارک سٹی میں گرمی کی شدید لہر کے باعث ایمرجنسی مینجمنٹ (Emergency Management) کے حکام نے غیر معمولی اقدامات اٹھاتے ہوئے شہر بھر میں ‘کوڈ ریڈ’ (Code Red) جاری کر دیا ہے۔
یہ الرٹ خاص طور پر شدید ترین گرمی اور حبس کے دوران نافذ کیا جاتا ہے تاکہ انسانی جانوں، بالخصوص سڑکوں پر رہنے والے بے گھر افراد کو ہیٹ اسٹروک اور دیگر خطرات سے بچایا جا سکے۔
‘کوڈ ریڈ’ فعال ہونے کے بعد، شہر کے تمام شیلٹر ہومز کے دروازے ان تمام افراد کے لیے کھول دیے گئے ہیں جن کے پاس سر چھپانے کی جگہ نہیں ہے۔
آؤٹ ریچ ٹیمیں متحرک: امدادی اور آؤٹ ریچ ٹیمیں ترجیحی بنیادوں پر مختلف علاقوں کا گشت کر رہی ہیں اور سڑکوں پر موجود کمزور و بے گھر افراد کو شدید گرمی سے نکل کر ٹھنڈی جگہوں اور شیلٹرز میں منتقل ہونے کی ترغیب دے رہی ہیں۔ ان افراد کو شیلٹرز تک پہنچانے کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے نیویارک کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ سڑک پر کسی بھی کمزور یا ضرورت مند شخص کو اس شدید گرمی میں بے یارو مددگار دیکھیں، تو فوری طور پر 311 پر رابطہ کر کے شہر کی انتظامیہ کو مطلع کریں۔
درجہ حرارت 90 ڈگری سے تجاوز، سوئمنگ پولز کے اوقات میں اضافہ
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل اور بدھ کے روز درجہ حرارت 90 ڈگری فارن ہائیٹ کے آخری ہندسوں (Upper 90s) تک پہنچنے کی توقع ہے۔
اس غیر معمولی ہیٹ ویو کے پیش نظر، میئر زہران ممدانی (Mayor Zohran Mamdani) پہلے ہی ساحلوں اور مخصوص سوئمنگ پولز کے اوقات کار کو شام 8:30 بجے تک بڑھانے کا اعلان کر چکے ہیں تاکہ شہری گرمی سے نجات حاصل کر سکیں۔





