لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

میئرممدانی کےمذاکرات کامیاب، نیویارک کی بوڈیگازکونئےSNAPضوابط سے 90 روزکی مہلت

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر ظہران کوامے ممدانی (Zohran Kwame Mamdani) نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں امریکی محکمہ زراعت (USDA) نے اسنیپ (SNAP) پروگرام کے تحت رجسٹرڈ چھوٹے دکانداروں اور بوڈیگاز (Bodegas) کے لیے اشیائے خوردونوش کے نئے اور وسیع اسٹاکنگ معیارات (Expanded Stocking Standards) کے نفاذ کو مؤخر کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

اس قاعدے پر اصل میں 4 نومبر سے عمل درآمد ہونا تھا، تاہم 90 روز کی اس توسیع سے نیویارک سمیت ملک بھر کے چھوٹے دکانداروں کو نئے ضوابط پورے کرنے کے لیے اضافی مہلت مل گئی ہے۔

میئر ظہران ممدانی نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ “جب سینکڑوں بوڈیگا مالکان مدد کے لیے ہماری انتظامیہ کے پاس آئے تو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوئے؛ یہ محلے دار دکانیں ہماری چھوٹی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور دس لاکھ سے زائد نیویارکرزاور 36 ملین امریکیوں کے لیے سستی خوراک کا بنیادی ذریعہ ہیں جو SNAP پر انحصار کرتے ہیں”۔ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اضافی وقت کے بغیر ان دکانوں کے بند ہونے اور غریب خاندانوں کے لیے خوراک کے حصول میں شدید مشکلات پیدا ہونے کا خطرہ تھا۔

یو ایس ڈی اے کے حتمی ضابطے کے تحت SNAP کے مجاز دکانداروں کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ چار بنیادی اقسام یعنی ڈیری (Dairy)، اناج (Grains)، پروٹین (Proteins) اور پھل و سبزیوں میں سے ہر ایک کی کم از کم سات مختلف اقسام اسٹاک میں رکھیں۔

محکمہ زراعت نے 4 ستمبر تک اس کی ہدایات جاری نہیں کی تھیں جس سے دکانداروں کو محض دو ماہ کا وقت ملا تھا۔ بوڈیگا تنظیموں کے مطابق نیویارک کی عام دکانوں کی فروخت کا 15 سے 20 فیصد—اور برونکس کے بعض علاقوں میں 30 فیصد تک—SNAP خریداری پر منحصر ہے، لہٰذا اس پابندی سے شہر میں “فوڈ ڈیزرٹس” (خوراک کی قلت والے علاقوں) میں مزید اضافے کا خدشہ تھا۔

ڈپٹی میئر برائے اقتصادی انصاف جولی سو (Julie Su)، ڈپٹی میئر برائے صحت و انسانی خدمات ڈاکٹر ہیلن آرٹیگا (Dr. Helen Arteaga)، اسمال بزنس سروسز (SBS) کے کمشنر کینی مینایا (Kenny Minaya) اور مام اینڈ پاپ زار ڈیلیا اووسی (Delia Awusi) نے بتایا کہ شہری انتظامیہ بوڈیگا مالکان کو مفت تربیت اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے 888-SBS-4NYC ہیلپ لائن اور ‘NYC بزنس ایکسپریس سروس ٹیم’ کے ذریعے مکمل معاونت کرے گی۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری سے اب تک ممدانی انتظامیہ نے 10,000 گھروں پر دستک دے کر اور 40,000 فون کالز کے ذریعے 220,000 سے زائد شہریوں کی مدد کی ہے جس سے نیویارک کے 98 فیصد سے زائد اہل شہریوں کی SNAP سہولت محفوظ رہی۔

امریکی رکنِ کانگریس نیڈیا ویلازکیز (Nydia M. Velázquez)، اسٹیٹ سینیٹر کورڈیل کلیئر (Cordell Cleare)، اسمبلی ممبر و سینیٹر منتخب جیسیکا گونزالیز روجاس، اسمبلی مین خلیل اینڈرسن (Khaleel M. Anderson) اور کونسل ممبران شانل تھامس ہینری، امانڈا فاریاس، الیکسا ایویلیس، کرسٹل ہڈسن، جسٹن سانچیز، کارمین ڈی لا روزا اور جینیفر گٹیریز نے میئر ممدانی کی قیادت کو سراہتے ہوئے اس توسیع کو محنت کش خاندانوں، بزرگ شہریوں اور مقامی چھوٹے کاروباروں کے تحفظ کے لیے ایک بڑی جیت قرار دیا۔