لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

میئرظہران ممدانی اورنیویارک سٹی پبلک اسکولزکابڑاسنگِ میل:تعلیمی سال2026-27ء کےلیےمقررہ70فیصدہدف عبورکرلیا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک):نیویارک سٹی کے میئر ظہران کوامے ممدانی (Zohran Kwame Mamdani)، نیویارک سٹی پبلک اسکولز (NYCPS) کے چانسلر کمار سیموئلز (Kamar Samuels) اور اسکول کنسٹرکشن اتھارٹی (SCA) کی صدر و سی ای او سیلسٹے رامیریز (Celeste Ramirez) نے مشترکہ طور پر اعلان کیا ہے کہ شہر کے سرکاری اسکولوں کی 73.4 فیصد کلاسز اب ریاست کے کلاس سائز قانون (Class Size Law) کے معیار پر پورا اترتی ہیں، جس کے ساتھ ہی تعلیمی سال 2026-27ء کے لیے ریاست کا مقررہ 70 فیصد ہدف عبور کر لیا گیا ہے۔

یہ کامیابی میئر ممدانی کے ایک اہم انتخابی وعدے کی تکمیل ہے جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر طالب علم کو تعلیمی کامیابی کے لیے کلاس روم میں مناسب جگہ اور استاد کی انفرادی توجہ میسر آ سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق مزید 133 اسکول اب مکمل طور پر کلاس سائز قانون کے مطابق ہو چکے ہیں، جس سے ایسے اسکولوں کی تعداد دگنی ہو گئی ہے جہاں ہر کلاس ریاستی حد کے اندر ہے۔ 640 سے زائد اسکولوں نے کم از کم 90 فیصد جبکہ 1,120 سے زائد اسکولوں نے کم از کم 70 فیصد معیار حاصل کر لیا ہے، اور 50 فیصد یا اس سے کم تعمیل کرنے والے اسکولوں کی تعداد میں 230 سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔

میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ “پُرشور اور گنجان آباد کلاس رومز اور اساتذہ کی توجہ کے لیے ترستے طلبہ کے دن اب ختم ہو رہے ہیں”۔ اس ہدف کے حصول کے لیے ممدانی انتظامیہ کے بجٹ میں اساتذہ کی نئی بھرتیوں کے لیے 244 ملین ڈالر اور مستقبل کی کلاس روم ضروریات کے لیے 1.5 ارب ڈالر کی نئی کیپیٹل فنڈنگ مختص کی گئی ہے۔

اس اضافے کے بعد چھوٹی کلاسوں کے لیے مختص مجموعی کیپیٹل فنڈنگ 7.6 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جس سے شہر بھر میں چھوٹی کلاسوں میں مجموعی طور پر 41,000 نئی نشستیں (Seats) تخلیق ہوں گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق بغیر کسی استثنیٰ (Exemptions) کا سہارا لیے تمام گریڈ بینڈز میں کلاس سائز کی تعمیل میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سب سے بڑی بہتری مڈل اسکولوں میں دیکھی گئی جہاں تعمیل کی شرح میں 7.2 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا؛ چوتھی اور پانچویں جماعت میں 6.4 فیصد پوائنٹس، کنڈرگارٹن سے تیسری جماعت تک 4.9 فیصد پوائنٹس اور ہائی اسکول میں 4.8 فیصد پوائنٹس اضافہ ہوا۔ مزید برآں، مقررہ حد سے چھ یا اس سے زیادہ طلبہ رکھنے والی کلاسوں کا تناسب 17 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد رہ گیا ہے۔

اسکولز چانسلر کمار سیموئلز، اسکول کنسٹرکشن اتھارٹی کی سربراہ سیلسٹے رامیریز، یونائیٹڈ فیڈریشن آف ٹیچرز (UFT) کے صدر مائیکل ملگریو اور کونسل آف اسکول سپروائزرز اینڈ ایڈمنسٹریٹرز (CSA) کے صدر ہنری ڈی روبیو سمیت اسٹیٹ سینیٹر جولیا سالازار، اسمبلی ممبر ماریٹزا ڈیویلا اور کونسل ممبران کامیلا ہینکس، سینڈرا انگ، کرسٹل ہڈسن، سمچا فیلڈر اور لنکن ریسٹلر نے اس کامیابی کو طلبہ اور اساتذہ کے لیے ایک تاریخی موڑ قرار دیا، جس میں کرٹس ہائی اسکول انیکس میں 826 اضافی نشستوں اور گریوز اینڈ کے اسکول IS 228 میں نشستوں کے بڑے اضافے کو بھی سراہا گیا۔