نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر ظہران کوامے ممدانی (Zohran Kwame Mamdani) اور نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن (NYC DOT) کے کمشنر مائیک فلن (Mike Flynn) نے بروکلین کے علاقے گرین پوائنٹ (Greenpoint) میں میک گینیس بولیوارڈ (McGuinness Boulevard) کی مکمل ازسرِنو تعمیر (Redesign) کے منصوبے کی تکمیل کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت میکر ایونیو (Meeker Avenue) سے پلاسکی برج (Pulaski Bridge) تک پوری شاہراہ کے دونوں اطراف پارکنگ سے محفوظ بائیک لینز (Parking-Protected Bike Lanes) مکمل کر لی گئی ہیں۔
اس نئے ڈیزائن کے ذریعے پیدل چلنے والوں کے لیے سڑک عبور کرنے کا فاصلہ کم کر دیا گیا ہے، موڑ کاٹنے والی گاڑیوں کی رفتار کو محدود کیا گیا ہے اور خطرناک ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ موسمِ گرما میں روزانہ سفر کرنے والے 4,000 سے زائد سائیکل سواروں کو بروکلین اور کوئنز کے درمیان ایک محفوظ رابطہ میسر آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ میئر ممدانی نے 3 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے محض چند روز بعد ہی مقامی برادری اور اسٹریٹ سیفٹی کے حامیوں کے ساتھ مل کر اس دیرینہ عوامی مطالبے کو پورا کرنے کا عزم کیا تھا۔
مکمل ہونے والے منصوبے کے تحت میک گینیس بولیوارڈ پر دونوں سمتوں میں ایک ایک ٹریول لین، دونوں سمتوں میں پارکنگ سے محفوظ ایک ایک بائیک لین اور سڑک کے دونوں کناروں پر پارکنگ و لوڈنگ کے لیے علیحدہ لین مختص کی گئی ہے۔
میئر ممدانی نے کہا کہ “میک گینیس بولیوارڈ پر ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے؛ بہت عرصے تک یہ سڑک خطرات اور پیاروں کے بچھڑنے کی علامت بنی رہی، لیکن آج یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جب کمیونٹی نقصان کو مقدر ماننے سے انکار کر دے تو کیا حاصل کر سکتی ہے”۔ ڈی او ٹی کمشنر مائیک فلن نے کہا کہ یہ ڈیزائن گرین پوائنٹ کو تقسیم کرنے کے بجائے آپس میں جوڑتا ہے۔
واضح رہے کہ 2021ء میں مقامی اسکول PS110 کے ہر دلعزیز استاد میتھیو جینسن (Matthew Jensen) کی اسی سڑک پر ٹریفک حادثے میں ہلاکت کے بعد والدین اور مقامی شہریوں نے ’میک میک گینیس سیف‘ (Make McGuinness Safe) اتحاد قائم کر کے طویل مہم چلائی تھی۔ اتحاد کی شریک بانی برون وِن بریٹنر نے میئر ممدانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے کمیونٹی کی منظم جدوجہد کی فتح قرار دیا۔
امریکی کانگریس وومن نیڈیا ویلازکیز (Nydia Velázquez)، اسٹیٹ سینیٹر کرسٹن گونزالیز (Kristen Gonzalez)، اسمبلی ممبر ایملی گیلاگھر (Emily Gallagher)، بروکلین بورو پریذیڈنٹ انتونیو رینوسو، کونسل ممبران لنکن ریسٹلر (Lincoln Restler) اور جینیفر گٹیریز (Jennifer Gutiérrez) سمیت اسٹریٹ سیفٹی تنظیموں (Transportation Alternatives, Open Plans, StreetsPAC) کے رہنماؤں نے میئر ممدانی اور کمشنر فلن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ برسوں کے التوا اور ہر دوسرے دن پیش آنے والے حادثات کے بعد اب بچے اور بزرگ بلاخوف اسکول اور بازار جا سکیں گے۔





