کیلیفورنیا: میٹا کی زیرِ ملکیت سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام نے پلیٹ فارم سے جعلی، غیر فعال (Inactive) اور بوٹ اکاؤنٹس کے خاتمے کے لیے ایک بڑا آپریشن کیا ہے، جس کے نتیجے میں دنیا بھر کی معروف شخصیات کے فالوورز کی تعداد میں اچانک لاکھوں کی کمی واقع ہوئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس “ڈیجیٹل صفائی” سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی شخصیات میں فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو، امریکی ماڈل کائلی جینر، اور پاپ سنگر ٹیلر سوئفٹ شامل ہیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق کائلی جینر کے فالوورز میں تقریباً 14 سے 15 ملین (ڈیڑھ کروڑ) کی کمی دیکھی گئی، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو کے فالوورز کی تعداد میں 8 سے 18 ملین تک کی بڑی کمی رپورٹ ہوئی ہے۔
موسیقی کی دنیا کے بڑے نام جیسے ٹیلر سوئفٹ نے 5 ملین، اریانا گرانڈے نے 7 ملین اور کے-پاپ گروپ BTS اور BLACKPINK نے بھی لاکھوں فالوورز کھو دیے ہیں۔ بھارتی کرکٹر ویراٹ کوہلی اور اداکارہ پریانکا چوپڑا کے اکاؤنٹس سے بھی لاکھوں جعلی فالوورز حذف کیے گئے ہیں۔
میٹا کے ترجمان نے اس حوالے سے وضاحت کی ہے کہ یہ ایک معمول کا عمل ہے جس کا مقصد پلیٹ فارم پر شفافیت کو یقینی بنانا اور مشتہرین (Advertisers) کو حقیقی ڈیٹا فراہم کرنا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے فالوورز کی تعداد تو کم ہوئی ہے، لیکن اس سے اکاؤنٹ کی کریڈیبلٹی اور “آرگینک انگیجمنٹ” میں بہتری آئے گی۔
