ٹیکنالوجی ڈیسک (ویب ڈیسک): دنیا بھر میں مقبول آن لائن امیج ایڈیٹر ‘پکسلر’ (Pixlr) نے خود کو صرف ایک عام ایڈیٹر سے بدل کر ایک مکمل AI ڈیزائن سوٹ کی شکل دے دی ہے۔
اس نئی پیش رفت کے تحت اب پلتفارم کو تین بڑے حصوں ‘پکسلر ایڈیٹر’، ‘پکسلر ڈیزائنر’ اور ‘پکسلر ایکسپریس’ میں تقسیم کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق، پکسلر ایڈیٹر (Pixlr Editor) اب پروفیشنل ڈیسک ٹاپ سافٹ ویئرز (جیسے فوٹوشاپ) کے پائے کے فیچرز کو سپورٹ کرتا ہے، جن میں لیئرز، ماسکس، بلینڈ موڈز، پی ایس ڈی (PSD) فائل سپورٹ، ہیلنگ ٹولز، کلون اسٹیمپ اور فلٹرز شامل ہیں۔
دوسری جانب، پکسلر ایکسپریس (Pixlr Express) کا پورا فوکس جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) پر ہے، جس کے ذریعے صارفین جنریٹو فل (Generative Fill)، تصویر کو پھیلانے (Image Expansion)، بیک گراؤنڈ ریموول اور نوائز ریڈکشن جیسے بھاری کام سیکنڈوں میں کر سکتے ہیں۔
اس پلیٹ فارم کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر براؤزر پر چلتا ہے، یعنی صارفین کو کمپیوٹر میں کوئی بھاری سافٹ ویئر انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی، اور یہ کم ریم یا ہلکے لیپ ٹاپس پر بھی آسانی سے کام کرتا ہے۔
پکسلر نے عام صارفین اور فری لانسرز کے لیے اپنی زیادہ تر بنیادی سروسز کو بالکل مفت رکھا ہے جس میں روزانہ محدود AI کریڈٹس دیے جائیں گے۔ تاہم، وہ پروفیشنلز اور کانٹینٹ کریٹرز جنہیں زیادہ اسٹوریج، اضافی ایکسپورٹ آپشنز اور زیادہ AI فیچرز کی ضرورت ہے، وہ صرف 2 ڈالرز ماہانہ (تقریباً 550 پاکستانی روپے) کی ابتدائی قیمت سے اس کے پیڈ پلانز خرید سکتے ہیں۔
