لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

فوکس نیوزاورسی این این سمیت تمام بڑے ٹی وی نیٹ ورکس کاامریکی صدرکی کوریج سے بائیکاٹ

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تین معروف میڈیا اداروں پر وائٹ ہاؤس کے دروازے بند کیے جانے کے بعد امریکی صحافت کی تاریخ کا غیر معمولی بحران پیدا ہو گیا ہے۔ فاکس نیوز، اے بی سی، سی بی ایس، این بی سی اور سی این این (CNN) سمیت تمام بڑے امریکی ٹی وی نیٹ ورکس نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی صدر کی پول کوریج (Pool Coverage) فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تمام بڑے میڈیا گروپس نے ایک نادر اور مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ “عوام کو اپنی حکومت کے بارے میں درست اور آزادانہ معلومات حاصل کرنے کا بنیادی حق حاصل ہے، اور کسی بھی انتظامیہ کو اپنی رپورٹنگ پر اعتراض کی بنا پر کسی خبر رساں ادارے پر پابندی لگانے کا حق نہیں ہونا چاہیے۔”

‘وائٹ ہاؤس ٹی وی پول’— جو روزانہ کی بنیاد پر صدر کی تمام سرگرمیوں کو ریکارڈ کر کے تمام چینلز کو فراہم کرتا ہے— نے پیر سے صدر کی پول کوریج کا کام مکمل طور پر روک دیا ہے۔ پول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سی این این کو پول فرائض کی ادائیگی سے روکنے کے بعد کوئی نعم البدل پریس پول قائم نہیں کیا جائے گا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این (CNN)، ایم ایس ناو (MS NOW) اور پولیٹیکو (Politico) پر “فیک نیوز” پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے صحافیوں کے وائٹ ہاؤس پاس منسوخ کر دیے تھے اور عمارت میں داخلے سے روک دیا تھا۔

تینوں اداروں نے اس اقدام کو آئین کی پہلی ترمیم (آزادیِ اظہار) کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

‘ٹروتھ سوشل’ (Truth Social) پر جاری پیغام میں صدر ٹرمپ نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ “وائٹ ہاؤس آزاد صحافت پر نہیں بلکہ فیک نیوز پر حملہ کر رہا ہے، جو ہمارے ملک میں کینسر کی طرح پھیل چکی ہے۔”

امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ فاکس نیوز جیسے قدامت پسند نیٹ ورک نے بھی دیگر لبرل میڈیا اداروں کا ساتھ دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے فیصلے کے خلاف بائیکاٹ کی حمایت کی ہے۔