نیوارک (ویب ڈیسک): نیو جرسی کے شہر نیوارک میں واقع تارکین وطن کے حراستی مرکز “ڈیلینی ہال” (Delaney Hall) کے باہر پناہ گزینوں کے حق میں جاری احتجاجی مظاہرے پرتشدد رنگ اختیار کر گئے ہیں۔
گزشتہ رات آئس (ICE) ایجنٹس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جس کے دوران ایجنٹس نے مظاہرین پر پیپر اسپرے کیا اور لاٹھی چارج کیا۔
‘آئس آؤٹ نیو جرسی’ کی رہنما عاصمہ الحونی کے مطابق صورتحال اس وقت انتہائی پرتشدد ہو گئی جب مظاہرین نے وہاں سے ہٹنے سے انکار کر دیا، اور مبینہ طور پر ایک شخص کو ٹرک کے نیچے بھی دھکیل دیا گیا۔
یہ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب حراستی مرکز میں بند تارکین وطن نے مبینہ طور پر بھوک ہڑتال اور کام کا بائیکاٹ شروع کیا۔ بدھ کے روز نیویارک کے اراکینِ کانگریس جری نیڈلر اور ڈین گولڈمین نے مرکز کا دورہ کیا اور وہاں طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک جیل قرار دیا۔
دوسری جانب، محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) کے ترجمان نے حراستی مرکز کے اندر کسی بھی قسم کی بھوک ہڑتال کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تارکین وطن کو تین وقت کا کھانا اور مکمل طبی دیکھ بھال فراہم کی جا رہی ہے۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حراستی مرکز کے باہر جمع ہونے والے ہجوم کو “پیسے لے کر احتجاج کرنے والے” (Paid Protestors) قرار دیا ہے۔
نیو جرسی کی گورنر مائیکی شیرل نے بھی پیر کے روز مرکز کا دورہ کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
گورنر شیرل نے ڈیلینی ہال کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آئس ایجنسی کے احتساب کا عزم ظاہر کیا ہے، جبکہ حراست میں لیے گئے تارکین وطن نے گورنر سے ذاتی ملاقات اور بیمار، حاملہ خواتین اور کم عمر و معمر افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مظاہرین کے مطابق بہت سے تارکین وطن نے بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے تاہم انہوں نے مزدوری کا بائیکاٹ برقرار رکھا ہوا ہے۔





