کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے سابق عالمی باکسنگ چیمپیئن 38 سالہ زولانی “لاسٹ بورن” ٹیٹے (Zolani “Last Born” Tete) کو ان کے گھر کے باہر نامعلوم نقاب پوشوں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ایسٹرن کیپ صوبے کے علاقے مڈانٹسان (Mdantsane) میں پیش آیا، جہاں ایک گاڑی سے اترنے والے دو نقاب پوش افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ زولانی ٹیٹے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کے ساتھ موجود ایک 27 سالہ خاتون شدید زخمی ہو گئیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کھیل کی دنیا میں بڑا نام: زولانی ٹیٹے دو بار کے عالمی چیمپیئن رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2014 میں IBF جونیئر بینٹم ویٹ اور 2017 میں بینٹم ویٹ کا عالمی ٹائٹل جیتا تھا۔
ان کے پاس عالمی ٹائٹل فائٹ میں تیز ترین ناک آؤٹ (Fastest Knockout) کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی قائم ہے۔
جنوبی افریقہ کے وزیر برائے کھیل و ثقافت گیٹن میک کینزی (Gayton McKenzie) نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ زولانی ٹیٹے دوبارہ رنگ میں واپسی کے لیے سخت تربیت حاصل کر رہے تھے۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور عوام سے معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اس واقعے نے ملک میں بڑھتے ہوئے سنگین اور پرتشدد جرائم کی طرف ایک بار پھر دنیا کی توجہ مبذول کروا دی ہے۔




