اٹلانٹا / میکسیکو سٹی: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز میں اب صرف 75 دن باقی رہ گئے ہیں، تاہم میزبان ٹیموں کی تیاریاں مشکلات کا شکار دکھائی دے رہی ہیں۔
اٹلانٹا میں کھیلے گئے ایک دوستانہ میچ میں بیلجیئم نے امریکہ کو 5-2 سے شکست دے کر ہوم کراؤڈ کو خاموش کر دیا۔ امریکی ٹیم نے ویسٹن میک کینی کے گول کی بدولت ابتدا میں برتری حاصل کی، لیکن بیلجیئم کے زینو ڈیبسٹ، اماڈو اونانا اور ڈوڈی لوکیباکیو کے جارحانہ کھیل نے امریکی دفاع کو بے بس کر دیا۔
دوسری جانب میکسیکو سٹی کے تاریخی ایزٹیکا اسٹیڈیم کی دوبارہ افتتاحی تقریب ایک افسوسناک واقعے کی نذر ہوگئی، جب میچ سے قبل ایک تماشائی اسٹینڈ سے گر کر جاں بحق ہو گیا۔
میکسیکو اور پرتگال کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ پرتگال کے کوچ رابرٹو مارٹنیز نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا، جبکہ میکسیکن شائقین نے گول نہ ہونے پر اپنی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ادھر جرمنی کے 22 سالہ کھلاڑی فلورین ورٹز نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے اور اپنی ٹیم کو 4-3 سے کامیابی دلائی۔
اب منگل کو امریکہ کا مقابلہ پرتگال سے جبکہ میکسیکو بیلجیئم کے مدِ مقابل ہوگا، جو ورلڈ کپ سے قبل اہم تیاریوں کا حصہ سمجھے جا رہے ہیں۔
