فورٹ مائرز: فلوریڈا کے ایک گیس اسٹیشن پر خاتون اسٹور کلرک کے لرزہ خیز قتل نے امریکہ میں امیگریشن پالیسیوں پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ حکام کے مطابق 40 سالہ رولبرٹ جوواکن (Rolbert Joachin)، جو ایک ہائیتی نژاد شہری ہے، پر الزام ہے کہ اس نے 51 سالہ نیلوفہ یاسمین کو ہتھوڑے کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک “ٹارگٹڈ” حملہ تھا، اور اگرچہ مقتولہ ملزم کو ذاتی طور پر نہیں جانتی تھی، لیکن ان کے درمیان پہلے ایک بار آمنا سامنا ہو چکا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم پہلے اسٹیشن پر کھڑی ایک گاڑی کو نشانہ بناتا ہے اور جب نیلوفہ باہر آتی ہے تو وہ ان کے سر پر ہتھوڑے سے حملہ کر دیتا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اسے سابقہ انتظامیہ کی “ناکام امیگریشن پالیسیوں” کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے ملزم کے خلاف سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے ‘ٹیمپریری پروٹیکٹڈ سٹیٹس’ (TPS) کے خاتمے پر زور دیا ہے، جس کے تحت ملزم کو امریکہ میں رہنے کی اجازت ملی تھی۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے مقتولہ کی شناخت نیلوفہ یاسمین کے نام سے کی ہے۔ وہ بنگلہ دیشی نژاد امریکی شہری تھیں جو چھ سال قبل امریکہ منتقل ہوئی تھیں۔ فورٹ مائرز کی بنگلہ دیشی کمیونٹی اور مقتولہ کے اہل خانہ اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔ ملزم اس وقت پولیس کی تحویل میں ہے اور اس پر قتل اور جائیداد کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔





