نیو جرسی/ جیکسن ٹاؤن شپ(ویب ڈیسک):رٹگرز یونیورسٹی کے 22 سالہ طالب علم مورٹیمر “میکائی” ورٹ مین (Mortimer “Mekhai” Wortman) کی گمشدگی کو چار ماہ بیت گئے، جس کے بعد مقامی حکام اور ایک گمنام عطیہ دہندہ نے ان کی تلاش میں مددگار معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 10,000 ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔
میکائی ورٹ مین کو آخری بار 21 نومبر 2025 کی رات 10:30 بجے جیکسن ٹاؤن شپ کے ریجنل ڈے اسکول میں دیکھا گیا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق وہ اس وقت ایک ایسے شخص کے ساتھ تھے جس کے ساتھ ان کی پہلے تلخ کلامی ہو چکی تھی۔ حیرت انگیز طور پر، اسی شخص نے میکائی کی گمشدگی کی اطلاع پولیس کو دی تھی۔
‘کیو سینٹر فار مسنگ پرسنز’ (CUE Center) نے میکائی کی تلاش کے لیے نئی مہم شروع کی ہے۔ شدید سردی اور برف باری نے ابتدائی تلاش میں مشکلات پیدا کیں، تاہم میکائی کے کزن عمر ریس کا کہنا ہے کہ “جیسے ہی برف پگھلے گی، ہم دوبارہ میدان میں ہوں گے۔ ہم نے اپنی کوششیں ترک نہیں کیں اور نہ ہی ہم ہار مانیں گے۔”
رٹگرز یونیورسٹی کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران اتوار کی شام 4 بجے کالج ایونیو پر واقع اسٹوڈنٹ سینٹر کے باہر میکائی کی سلامتی اور واپسی کے لیے ایک دعائیہ تقریب (Vigil) منعقد کریں گے۔ میکائی کی والدہ، جوہانا ریس کا کہنا ہے کہ “میکائی ملنے کا حقدار ہے اور ہم اسے ڈھونڈنا کبھی بند نہیں کریں گے۔”
حکام نے واضح کیا ہے کہ 10 ہزار ڈالر کا انعام صرف اس شخص کو دیا جائے گا جو میکائی کی صحیح لوکیشن یا ایسی معلومات فراہم کرے گا جس سے وہ مل جائیں۔ شہری کسی بھی قسم کی اطلاع جیکسن پولیس ڈیپارٹمنٹ کو (732) 928-1111 یا کیو سینٹر کو (910) 232-1687 پر دے سکتے ہیں۔
