نیویارک : نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچول نے جمعہ کے روز اعلان کیا ہے کہ بروکلین کے مہنگے ترین علاقوں میں شمار ہونے والے ‘کلنٹن ہل’ (Clinton Hill) میں 100 سے زائد سستے اپارٹمنٹس، ایک کمیونٹی سینٹر اور ہیلتھ کلینک تعمیر کیا جائے گا۔ 1024 فلٹن اسٹریٹ پر واقع ریاست کی ملکیت والی زمین، جو دہائیوں سے خالی پڑی تھی، اب ایک کثیر المقاصد رہائشی منصوبے میں تبدیل کی جا رہی ہے۔
اس 111 ملین ڈالر کے منصوبے میں 125 کرایے کے یونٹس شامل ہوں گے، ساتھ ہی 27,000 مربع فٹ پر محیط ایک کمیونٹی سینٹر بھی بنایا جائے گا جہاں بزرگ شہریوں اور بچوں کی تعلیم کے لیے پروگرام منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ ‘ون بروکلین ہیلتھ’ کے زیرِ انتظام ایک ہیلتھ کلینک بھی اس عمارت کا حصہ ہوگا۔
گورنر ہوچول کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ کمیونٹی کی رائے کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے اور ہاؤسنگ بحران کے حل کے لیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔
نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا، “رہائش کوئی تعیش نہیں بلکہ ایک منصفانہ شہر کی بنیاد ہے، ہم محنت کش طبقے کے اپنے ہی علاقوں میں رہنے کے حق کے لیے لڑ رہے ہیں۔” کلنٹن ہل کو نیویارک کے 50 مہنگے ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
