نیو جرسی(ویب ڈیسک): جرسی سٹی اور ہوبوکن کے میئرز نے اتوار کے روز تصدیق کی ہے کہ وفاقی امیگریشن حکام نے ان کے شہروں میں بڑے پیمانے پر انفورسمنٹ آپریشنز (Immigration Operations) شروع کر دیے ہیں۔
جرسی سٹی کے میئر جیمز سولومن نے دوپہر 2 بجے کے قریب ایک بیان میں کہا کہ وفاقی ایجنٹ جرسی سٹی اور گردونواح میں سرگرم ہیں۔ اس دوران ایک دلچسپ واقعہ بھی پیش آیا جب جرسی سٹی کے ایک کونسل مین نے لفٹ میں وفاقی ایجنٹوں کا سامنا کیا۔ ایجنٹ نے کونسل مین کو جواب دیا، “بس وہیں رہیں۔ آپ مشاہدہ کر سکتے ہیں، جو چاہیں کریں، لیکن مداخلت نہ کریں۔ ٹھیک ہے؟”
شہریوں کے حقوق کی آگاہی: میئر سولومن اور دیگر حکام نے تارکین وطن پڑوسیوں کو ان کے حقوق یاد دلاتے ہوئے کہا:آپ جج کے دستخط شدہ وارنٹ کے بغیر دروازہ کھولنے کے پابند نہیں ہیں۔
آپ کو خاموش رہنے کا پورا حق ہے۔
آپ کو وکیل کرنے کا حق حاصل ہے۔
کسی بھی ایسی دستاویز پر دستخط نہ کریں جسے آپ سمجھ نہ سکیں۔
ہنگامی اجلاس اور عوامی تشویش: ہوبوکن کے میئر بھلا (Bhalla) نے کمیونٹی کی حفاظت اور آئی سی ای (ICE) کے خلاف ایکشن پلان تیار کرنے کے لیے اتوار کی رات ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں انہوں نے زور دیا کہ اسکولوں، عبادت گاہوں اور حکومت کو ان کارروائیوں کے خلاف دفاع کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
مقامی رہائشیوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شہر ایک دوسرے کے بہت قریب ہونے کی وجہ سے خوف محسوس کر رہے ہیں۔ ایک رہائشی نے سوال اٹھایا، “کیا وہ میرے دوست کو لے جائیں گے؟ کیا وہ اسکول جائیں گے؟ میں ایک ایسے اسکول میں کام کرتا ہوں جہاں دو زبانوں میں تعلیم دی جاتی ہے۔”
محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا، تاہم ابھی تک ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
